ہمیں ہتھیار رکھنے کا قانونی حق حاصل ہے : حماس سربراہ
غزہ امن معاہدے کے مراحل میں اس حق کا احترام کریں:خلیل الحیہ حماس نے شعبہ اسلحہ کے سربراہ راعد سعد کی شہادت کی تصدیق کر دی
دوحہ،غزہ (اے ایف پی) حماس کے سربراہ خلیل الحیہ نے کہا ہے کہ حماس کو ہتھیار رکھنے کا قانونی حق ہے اور غزہ میں مستقبل کے امن معاہدے کے مراحل میں اس حق کا احترام کریں۔ الحیہ نے ایک ٹی وی خطاب میں کہا مزاحمت اور ہتھیار بین الاقوامی قانون کے تحت جائز اور فلسطینی ریاست کے قیام سے جڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حماس ہر اس تجویز کا جائزہ لینے کے لیے تیار ہے جو اس حق کو برقرار رکھے اور فلسطینی ریاست کے قیام کو یقینی بنائے۔
خلیل الحیہ نے تصدیق کی ہے کہ گروپ کے ہتھیاروں کی پیداوار کے سربراہ راعد سعد اور ان کے ساتھی اسرائیلی فضائی حملے میں شہیدہو گئے ۔ فلسطینی وزارتِ صحت نے تصدیق کی ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 23 سالہ نوجوان محمد وائل الشروف شہید ہو گئے ۔ہفتے کو شمالی مغربی کنارے کے علاقے جنین میں 16 سالہ فلسطینی لڑکا بھی اسرائیلی فائرنگ سے شہید ہوا تھا۔اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں فضائی حملوں میں حزب اللہ کے 2 ارکان شہید کر دیئے جبکہ لبنانی وزارت صحت کے مطابق مختلف علاقوں میں 3 افراد مارے گئے۔