مغربی کنارے میں فلسطینی گاؤں پر مکمل لاک ڈاؤن نافذ

مغربی کنارے میں فلسطینی گاؤں پر مکمل لاک ڈاؤن نافذ

2اسرائیلیوں کی ہلاکت کے بعد گھروں کی تلاشی، گرفتاریاں ،سکول حراستی مرکز نیتن یاہو کا رواں سال پانچواں دورہ امریکا،کل ٹرمپ سے ملاقات کرینگے

مغر بی کنارا،روم،واشنگٹن (اے ایف پی)اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینی گاؤں قبطیہ میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ۔ مقامی رہائشیوں نے اس اقدام کو اجتماعی سزا قرار دیتے ہوئے نقل و حرکت محدود کرنیکا الزام لگایا ہے ۔ فرانسیسی میڈیا کے مطابق جمعہ کو ایک فلسطینی شخص کے حملے میں اسرائیل میں دو افراد ہلاک ہوئے تھے ، جس کے بعداسرائیلی فوج نے قبطیہ میں گھروں کی تلاشی، گرفتاریاں اور ایک سکول کو حراستی مرکز میں تبدیل کر دیا۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کل پیر کو فلوریڈا میں امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے ۔ رواں برس نیتن یاہو کا یہ پانچواں امریکی دورہ ہوگا۔

یہ ملاقات ایسے وقت ہو رہی ہے جب امریکا اور علاقائی ثالث غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے دوسرے مرحلے پر پیش رفت چاہتے ہیں۔ ملاقات میں ایران، لبنان، شام، غزہ جنگ بندی اور سکیورٹی امور پر بات چیت متوقع ہے ۔ اٹلی کی پولیس نے سات افراد کو حماس کیلئے لاکھوں یورو جمع کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا، جبکہ دو افراد کے خلاف بین الاقوامی وارنٹ جاری کیے گئے ہیں ۔ اطالوی حکام کا کہنا ہے کہ تین تنظیمیں فلسطینی شہریوں کی مدد کے بہانے کام کر رہی تھیں، جو حماس کو فنڈ فراہم کرنے کا ذریعہ تھیں۔ گرفتار افراد پر 70لاکھ یورو کی مالی معاونت دینے کا الزام ہے ، جس میں زیادہ تر رقم حماس یا اس سے منسلک اداروں کو دی گئی ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں