ترک صدر کی توہین پر قید سیاسی رہنما کو مزید 17ماہ کی سزا
کرد رہنما صلاح الدین کو دہشتگردی کے الزامات پر 2016 میں گرفتار کیا گیا یہ فیصلہ ایک دہائی پرانی تقاریر سے متعلق الزامات کو یکجا کر کے سنایا گیا:وکیل
انقرہ(اے ایف پی،دنیامانیٹرنگ)ترکیہ میں قید کرد رہنما صلاح الدین دمیرتاش کو ترک صدر رجب طیب اردوان کی توہین کے مقدمے میں مزید 17 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی۔صلاح الدین کو دہشتگردی کے الزامات پر 2016 میں گرفتار کیا گیاتھا۔2021 میں صلاح الدین دمیرتاش کو حکومت کی پالیسیوں پر تنقید، خاص طور پر 2015 میں شامی سرحد کے قریب ترک فضائیہ کی جانب سے روسی فوجی طیارہ مار گرائے جانے کے واقعے پر تبصرہ کرنے پر ساڑھے تین سال قید کی سزا دی جاچکی ہے ۔ دمیرتاش کے وکیل کے مطابق یہ فیصلہ ایک دہائی پرانی تقاریر سے متعلق الزامات کو یکجا کر کے سنایا گیا،عدالت نے تیاری کا وقت دئیے بغیر جلد بازی میں فیصلہ سنایا، جس کے خلاف اپیل کی جائے گی۔۔ یورپی عدالتِ برائے انسانی حقوق پہلے ہی دمیرتاش کی رہائی کا حکم دے چکی ہے ، جسے ترکی نے نظرانداز کیا،مغربی ممالک انہیں سیاسی قیدی قرار دیتے ہیں۔