وینزویلین صدر کی معزولی :ایک شخص نے 5لاکھ ڈالر کما لئے

 وینزویلین صدر کی معزولی :ایک شخص نے 5لاکھ ڈالر کما لئے

کرپٹو کرنسی کے پلیٹ فارم پر ایک اکاؤنٹ نے وینزویلا سے متعلق 4شرطیں لگائیں کچھ دیگر صارفین نے بھی مادورو کے پکڑے جانے پر لاکھوں ڈالر کمائے ہیں:رپورٹ

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک )ایک شخص نے وینزویلا کے صدر کی معزولی کی شرط لگا کر قریب 5 لاکھ ڈالر کمائے ہیں۔ مگر یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا اسے امریکی آپریشن کے حوالے سے ‘انسائیڈر’معلومات حاصل تھیں؟۔کرپٹو کرنسی کے پلیٹ فارم پولی مارکیٹ پر اس حوالے سے شرط لگائی جا رہی تھی کہ آیا وینزویلا کے صدر مادورو کو جنوری کے آخر تک اقتدار سے ہٹا دیا جائے گا۔ یہ شرط ٹرمپ کے اس اعلان سے کچھ ہی گھنٹے پہلے لگائی گئی جس میں انہوں نے ہفتے کے روز مادورو کو پکڑنے کا اعلان کیا تھا۔گزشتہ ماہ ہی پلیٹ فارم جوائن کرنے والے ایک اکاؤنٹ نے اس پر چار پوزیشنیں لیں، یہ تمام شرطیں وینزویلا سے متعلق تھیں اور اس نے 32ہزار537 ڈالر کی شرط لگا کر 4لاکھ 36ہزار ڈالر جیت لئے ۔یہ غیر واضح ہے کہ اس پلیٹ فارم پر سب سے پہلے شرط کس نے لگائی تھی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بلاک چین پر نامعلوم اکاؤنٹ کی شناخت صرف کچھ نمبرز اور لیٹرز پر مشتمل ہے ۔پولی مارکیٹ کے ڈیٹا سے معلوم ہوتا ہے کہ 2 جنوری کو مادورو کی معزولی کے امکانات صرف 6.5 فیصد تھے مگر یہ امکانات رات گئے 11 فیصد ہو گئے ، ان میں 3 جنوری کی صبح مزید تیزی آئی جب ٹرمپ نے مادورو کو امریکی آپریشن میں پکڑے جانے کی تصدیق کی۔پولی مارکیٹ نے ان سوالات پر تاحال کوئی جواب نہیں دیا ۔تجزیہ کار ڈینس کیلہر نے سی بی ایس کو بتایا کہ ‘اس شرط کے تمام پہلو انسائیڈر انفارمیشن کا اشارہ دیتے ہیں۔پولی مارکیٹ پر کچھ دیگر صارفین نے بھی مادورو کے پکڑے جانے پر لاکھوں ڈالر کمائے ہیں۔

اس معاملے پر امریکہ کے کچھ قانون سازوں نے بھی تبصرہ کیا ہے ۔نیو یارک سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ رکن کانگریس رچی ٹوریس نے تمام سرکاری ملازمین پر خفیہ معلومات کی بنیاد پر مارکیٹس میں شرط لگانے پر پابندی عائد کرنے کیلئے ایک بل پیش کیا ہے ۔امریکہ میں حالیہ برسوں کے دوران پیش گوئی پر مبنی مارکیٹس کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ،اس صنعت کو ٹرمپ کے دورِ صدارت میں اسے نسبتاً خوش آمدید کہا ہے ۔صدر کے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کالشی اور پولی مارکیٹ میں مشاورتی کردار ادا کر رہے ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں