میں نہ ہوتا تو نیٹو تاریخ کے کوڑے دان میں ہوتا : ٹرمپ

 میں نہ ہوتا تو نیٹو تاریخ کے کوڑے دان میں ہوتا : ٹرمپ

امریکی صدر نے فرانسیسی شراب پر 200فیصد ٹیرف کی دھمکی دے دی ،میکرون کے نجی پیغامات بھی شائع کر دئیے گرین لینڈ میں امریکی جھنڈا پکڑے اے آئی تصویر پوسٹ ،دوسری تصویرمیں جزیرے اور کینیڈا کو امریکا کا حصہ دکھایا نیٹو فوجی اتحاد کیلئے کسی شخص نے میری طر ح کام نہیں کیا ،فرانسیسی صدر جلد اقتدار سے باہر ہوں گے :امریکی صدر

ڈیووس (نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ نیٹو فوجی اتحاد کیلئے کسی بھی شخص یا صدر نے اُن کی طرح کام نہیں کیا۔ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھاکہ اگر میں نہ آتا تو آج کوئی نیٹو نہیں ہوتا، یہ تاریخ کے کوڑے دانمیں ہوتا، یہ افسوسناک ہے مگر سچ یہی ہے ۔ٹرمپ نے کہا کہ وہ گرین لینڈ پر کنٹرول حاصل کرنے کے اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ،ٹرمپ نے اس بات سے انکار نہیں کیا کہ وہ آرکٹک جزیرے پر بزور طاقت قبضہ کرنے کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں ،ان کاکہناتھاکہ فرانس کے صدر جلد اقتدار سے باہر ہوجائیں گے ۔ اپنا پیغام واضح کرنے کیلئے ٹرمپ نے گرین لینڈ میں اپنے ساتھ امریکی جھنڈا پکڑے ہوئے ایک اے آئی تصویر پوسٹ کی جبکہ ایک اور تصویر میں وہ رہنماؤں سے بات کرتے دکھائی دئیے ، جس کے پس منظر میں کینیڈا اور گرین لینڈ کو امریکا کا حصہ دکھایا گیا۔

فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے ایک روز قبل کہا تھاکہ یورپ نہ تو غنڈہ گردی کے آگے جھکے گا اور نہ ہی دھمکیوں سے مرعوب ہوگا۔ انہوں نے ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرانس اور یورپ طاقتور کی مرضی کو خاموشی سے قبول نہیں کریں گے ۔ انہوں نے یہ تقریر اس وقت کی جب ٹرمپ نے فرانسیسی شراب اور شیمپین پر 200 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی اور میکرون کے نجی پیغامات سوشل میڈیا پر شائع کئے جو سفارتی آداب کی ایک غیر معمولی خلاف ورزی سمجھی جا رہی ہے ۔ٹرمپ نے فرانس کی جانب سے غزہ امن بورڈ میں شامل ہونے سے ہچکچاہٹ پر بھی ناراضی کا اظہار کیا ہے ، یہ ایک نئی بین الاقوامی تنظیم ہے جس کی قیادت ٹرمپ خود کرنا چاہتے ہیں۔ دوروز قبل جب ٹرمپ سے غزہ امن بورڈ پر میکرون کے مؤقف کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہامیں اس کی شراب اور شیمپین پر 200 فیصد ٹیرف لگا دوں گا، پھر وہ شامل ہو جائے گا لیکن اس کا شامل ہونا ضروری نہیں۔

یورپی رہنماؤں نے ڈیووس میں سٹیج پر آ کر یورپ کی طاقت کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کی ،تاہم یہ فوری طور پر واضح نہیں تھا کہ یورپی یونین آخرکار کس طرح کا ردعمل دے گی، تاہم ایک آپشن یہ ہے کہ 93 ارب یورو (109 ارب ڈالر)کی امریکی درآمدات پر محصولات عائد کئے جائیں جو چھ ماہ کی معطلی کے بعد 6 فروری سے خودکار طور پر نافذ ہو سکتے ہیں۔دوسرا راستہ اینٹی کوئیرشن انسٹرومنٹ (ACI)ہے ، جسے غیر رسمی طور پر یورپی یونین کا ٹریڈ بازو کہا جاتا ہے ، اسکے ذریعے ان ممالک کے خلاف سخت اقدامات کئے جا سکتے ہیں جو تجارتی دباؤ ڈال کر یورپی پالیسی پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔اس کے تحت امریکی کمپنیوں کی سرکاری ٹھیکوں، سرمایہ کاری یا بینکنگ سرگرمیوں تک رسائی محدود کی جا سکتی ہے ، یا امریکی ٹیک کمپنیوں کی منافع بخش ڈیجیٹل سروسز پر پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔

امریکی اور کینیڈین دفاعی ادارے نوراڈ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ امریکی جنگی طیارے جلد گرین لینڈ میں قائم امریکی فوجی اڈے پر پہنچیں گے ،گرین لینڈ کی حکومت کو بھی منصوبہ بندی سے آگاہ کر دیا گیا ہے ۔ وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہناتھاکہ پاک بھارت جنگ میں لاکھوں لوگ مرسکتے تھے ،شہباز شریف نے کہا کہ آپ نے کروڑوں جانیں بچائیں ، میں نے دنیا کی 8 بڑے جنگیں رکوائیں ۔ وینزویلا کے سابق صدر نکولس مادورو سے جیل میں ملاقات میں دلچسپی نہیں رکھتا ، اقوام متحدہ کو اپنا کام جاری رکھنے دینا چاہئے ، بورڈ آف پیس کو اقوام متحدہ کے برابر بنانے میں دلچسپی نہیں ، ایران میں 837 افراد کو پھانسی دی گئی ، ہم نے ان سے کہا اگر مزید پھانسیاں دی گئیں تو فوجی آپشن موجود ہے ، پیرس میں جی سیون اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے ،روس یو کرین جنگ رکوانے کی کوشش کرر ہا ہوں ۔ 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں