بھارت :مصنوعی ذہانت سمٹ میں بدنظمی ، وزیر کی معذرت
سمٹ کے آغاز پر کانفرنس کے مقام کے تمام حصے کھلے نہیں تھے ،شرکا کو دشواری دروازے بند ہونے کے باعث میں اپنے سٹال تک رسائی حاصل نہیں کر سکا:تاجر
نئی دہلی( اے ایف پی )بھارت کے وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی اشونی وشنو نے عالمی مصنوعی ذہانت سمٹ کے پہلے روز بدنظمی اور ہجوم کی شکایات پر شرکا سے معذرت کر لی ہے ۔منتظمین کے مطابق سمٹ میں دسیوں ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے جن میں اعلیٰ سرکاری وفود، کمپنیاں، سماجی کارکن اور طلبہ شامل ہیں۔ تاہم پانچ روزہ تقریب کے آغاز پر پیر کے دن بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد کے باوجود کانفرنس کے وسیع مقام کے تمام حصے کھلے نہیں تھے ، جس پر بعض شرکا نے داخلہ نظام اور دیگر انتظامات پر عدم اطمینان ظاہر کیا۔
منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اشونی وشنو نے کہا اگر کسی کو کل کسی قسم کی دشواری کا سامنا کرنا پڑا تو میں معذرت خواہ ہوں۔ ہم سخت محنت کر رہے ہیں اور انتظامات کو مزید بہتر اور خوشگوار بنانے کی کوشش کریں گے ۔ انہوں نے اسے دنیا کا سب سے بڑا مصنوعی ذہانت اجلاس قرار دیتے ہوئے کہا کہ ردِعمل غیر معمولی ہے اور شرکا کا جوش و خروش قابلِ دید ہے ۔ایک کاروباری شخصیت میتریہ واگھ نے ایکس پر لکھا کہ دروازے بند ہونے کے باعث وہ اپنے ہی سٹال تک رسائی حاصل نہیں کر سکے ۔