ایران کا اسلام آباد میں امریکی حکام کیساتھ ملاقات سے انکار
امریکی مطالبات نا قابل قبول قرار ، مذاکرات کیلئے قطر یا استنبول کے مقام پر غور :امریکی اخبار تہران نے امریکا کی جانب سے پیش کی گئی 48 گھنٹے کی جنگ بندی کی تجویز مسترد کر دی،ذرائع
واشنگٹن (نیوز مانیٹرنگ )پاکستان سمیت علاقائی ممالک کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کرانے کی جاری کوششیں تعطل کا شکار ہو گئی ہیں۔ امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق ایران نے باضابطہ طور پر ثالثی کرنے والے ممالک کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں اسلام آباد میں امریکی حکام سے ملاقات کرنے کے لیے تیار نہیں اور امریکی مطالبات کو ناقابل قبول سمجھتا ہے ۔مزید یہ کہ ترکی اور مصر اس سفارتی جمود سے نکلنے کا راستہ تلاش کر رہے ہیں اور مذاکرات کے لیے متبادل مقامات، جیسے قطر یا استنبول پر غور کر رہے ہیں۔دریں اثنا رائٹرز نے ایرانی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ تہران نے امریکا کی جانب سے پیش کی گئی 48 گھنٹے کی جنگ بندی کی تجویز مسترد کر دی ہے ، ذرائع کے مطابق یہ تجویز بدھ کے روز ایک تیسرے ملک کے ذریعے پیش کی گئی تھی، تاہم اس ملک کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔ امریکا کی جانب سے فوری طور پر اس حوالے سے کوئی تبصرہ یا تصدیق سامنے نہیں آئی۔