علاقائی نظام کے قیام میں چین کی حمایت کے منتظر ہیں :ایران
تہران (اے ایف پی)ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ تہران امریکا کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے بعد علاقائی نظام کے قیام میں چین کی حمایت کا منتظر ہے ۔۔۔
عراقچی نے ایکس پر اپنے بیان میں اعتماد کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران چاہتا ہے کہ بیجنگ ایسے علاقائی ڈھانچے میں تعاون کرے جو ترقی اور سلامتی کے درمیان توازن قائم کرے ۔ ان کے مطابق، ایران اور چین مل کر خطے میں استحکام اور ترقی کے لیے ایک نئی حکمت عملی ترتیب دے سکتے ہیں۔ چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے بیجنگ میں ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ملاقات میں کہا کہ بیجنگ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کم کرنے اور امن قائم کرنے میں مزید بڑا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے فوری جنگ بندی پر زور دیا اور مذاکرات جاری رکھنے کی اہمیت اجاگر کی۔ وانگ ای نے ایران کے پرامن جوہری پروگرام کی حمایت کرتے ہوئے اس کے جوہری ہتھیار نہ بنانے کے مؤقف کا خیرمقدم کیا اور خطے میں استحکام کے لیے عالمی برادری کی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔