سرینگر :پاکستان کے حق میں ویڈیوز ، پوسٹروں نے دھوم مچا دی
سرینگر(نیوز ایجنسیاں)مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھی پاکستان کے معرکہ حق کی شاندار کامیابی کو انتہائی جوش وخروش سے منایا جا رہا ہے ، اس حوالے سے اپ لوڈ ویڈیوز اور دیواروں پر چسپاں پوسٹرز نے دھوم مچا دی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی جارحیت کیخلاف پاکستان کے تاریخی جواب کو ایک برس مکمل ہونے پر سرینگر اور وادی کے دیگر علاقوں میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تصاویر والے تعریفی پوسٹر چسپاں کئے جا رہے ہیں۔ پوسٹروں میں لکھا ہے کہ معرکہ حق نے پاکستان کو عالمی سطح پر ایک نئی شناخت اور پہچان دی جبکہ بھارت کا غرور وتکبر خاک میں مل گیا،مقبوضہ جموں و کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہو گا۔علاوہ ازیں مقبوضہ جموں و کشمیر سے سوشل میڈیا پر پاکستان کے حق میں اپ لوڈ کی گئی ویڈیوز میں کشمیری کہہ رہے ہیں کہ پاکستان نے بھارت کے آپریشن سندور کو شکست فاش دی اور آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخ ساز کامیابی حاصل کی ،کشمیر آزادہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا ۔ایک کشمیری پنڈت بھی کہتے ہیں کہ مئی 2025 میں پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔اسی طرح جموں و کشمیر کی سکھ برادری کے پیغام میں کہا گیاکہ ہم مسلمان کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں ، بھارت سے آزادی چاہتے ہیں۔ پاکستان زندہ باد! خالصتان زندہ باد ۔