ایران نے آبنائے ہرمز میں اپنے آئل ٹینکر پر امریکی حملے کا جواب دے دیا

تہران: (دنیا نیوز) ایرانی فورسز نے آبنائے ہرمز میں اپنے آئل ٹینکر پر ہونے والے امریکی حملے کا جواب دے دیا ہے۔

ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے نے فوجی عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ ایرانی فوج نے دشمن یونٹس پر میزائل داغے، یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب امریکہ نے آبنائے ہرمز میں ایرانی آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا، ایرانی حملے میں دشمن کے یونٹس کو نقصان پہنچا جس کے بعد وہ علاقے سے نکل گئے۔

خیال رہے کہ آبنائے ہرمز میں حالیہ دنوں کے دوران امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ دونوں ممالک ایک دوسرے پر بحری راستوں میں اشتعال انگیزی کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔

اس سے قبل ایرانی میڈیا نے اطلاع دی تھی کہ ایران کے شہر بندر عباس اور جزیرہ قشم میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، بندر عباس آبنائے ہرمز کے قریب واقع ہے جو اس وقت امریکی بحریہ اور ایرانی پاسداران انقلاب کی بحریہ کے درمیان کشیدگی کا ایک اہم مرکز سمجھا جا رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں