جنوبی افریقہ: مگرمچھ کے پیٹ سے انسانی باقیات برآمد
پریٹوریا: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقہ میں ایک حیران کن اور ہولناک واقعے میں پولیس نے ایک دیوہیکل مگرمچھ کو دریا سے نکال کر اس کا معائنہ کیا تو اس کے پیٹ سے انسانی باقیات برآمد ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ ملک کے مشرقی علاقے میں موزمبیق کی سرحد کے قریب واقع کومتی دریا میں پیش آیا، جہاں پولیس نے ایک بڑے مگرمچھ کو تحویل میں لے کر اس کا فرانزک معائنہ کیا۔
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس افسر کیپٹن یوہان پوٹگیٹر کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے دریا کے اوپر اتارا گیا، جہاں انہوں نے مگرمچھ کو رسی سے باندھنے میں اہم کردار ادا کیا، مگرمچھ کو پہلے ہی ہلاک کیا جا چکا تھا۔
— Collin Rugg (@CollinRugg) May 4, 2026
فرانزک تجزیے کے دوران مگرمچھ کے پیٹ سے انسانی باقیات کے ساتھ ایک انگوٹھی اور جوتوں کے چھ جوڑے بھی برآمد ہوئے، جس سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ دیگر افراد کی بھی ہو سکتی ہیں۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق مگرمچھ کی لمبائی تقریباً ساڑھے چار میٹر جبکہ وزن قریب 500 کلوگرام تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی باقیات ممکنہ طور پر 59 سالہ لاپتہ تاجر گیبریل باتیستا کی ہیں، جو گزشتہ ہفتے سیلابی صورتحال کے دوران لاپتہ ہو گئے تھے، وہ زیرِ آب پل عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے تاکہ اپنے ہوٹل اور بار تک پہنچ سکیں، تاہم ان کی گاڑی تیز بہاؤ میں بہہ گئی۔
پولیس کو شبہ تھا کہ مذکورہ مگرمچھ نے انہیں نگل لیا، جس کی نشاندہی ڈرون نگرانی کے دوران کی گئی، بعد ازاں مگرمچھ کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے وہاں سے منتقل کیا گیا۔
یہ واضح نہیں ہو سکا کہ تاجر مگرمچھ کا شکار بننے سے پہلے ہی جاں بحق ہو چکے تھے یا نہیں، تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کی کچھ باقیات دیگر مگرمچھوں نے بھی کھا لی ہوں گی۔