پاکستان اور سعودی عرب کا توانائی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان سعودی عرب توانائی سرمایہ کاری، ریفائنری اپ گریڈیشن امکانات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہو گیا۔
ملاقات میں توانائی سلامتی اور ریفائنری اپ گریڈیشن کے آپشنز پر گفتگو کی گئی، پاکستان اور سعودی عرب مختلف سرمایہ کاری منصوبوں اور ریفائنری اپ گریڈیشن کے امکانات پر کام کر رہے ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق تکنیکی سطح پر ہونے والی مشاورت میں طویل المدتی تعاون کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔
— Petroleum Division, Ministry of Energy (@Official_PetDiv) May 7, 2026
وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب بالخصوص آرامکو کے ساتھ سٹریٹجک توانائی شراکت داری کو بڑھانے کا خواہشمند ہے، سعودی عرب کی جانب سے پٹرولیم سپلائی میں پاکستان کو خصوصی ترجیح دینے پر مشکور ہیں۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت عوام کی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور اس ضمن میں سعودی تعاون کی انتہائی قدر کرتے ہیں۔
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ خطے میں امن اور علاقائی استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہیں، سعودی سفیر نے پاکستان کو توانائی سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے میں مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔