پنجاب حکومت کا برآمدات و درآمدات پر 0.90 فیصد سیس عائد کرنے کا فیصلہ
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت کا برآمدات و درآمدات پر 0.90 فیصد سیس عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس (ترمیم) ایکٹ 2026 پنجاب اسمبلی سے کثرتِ رائے سے منظور کر لیا گیا۔
ایکٹ کے مطابق پنجاب کی پیداوار، تیار ہونے والی اور استعمال ہونے والی اشیاء پر برآمد کی صورت میں 0.90 فیصد سیس عائد ہو گا۔
متن کے مطابق پنجاب میں درآمد، برآمد یا پنجاب کی حدود سے گزرنے والی درآمد شدہ اشیاء پر 0.90 فیصد سیس عائد ہو گ۔
متعلقہ اتھارٹی سیس افسران تعینات کرے گی، سیس افسران کسی بھی اشیاء کی نگرانی و تصدیق کا حق رکھیں گے۔
متن کے مطابق متعلقہ اتھارٹی پنجاب کے داخلی، خارجی اور ضروری جگہ پر ناکہ بندی کی اجازت دے گی، سیس افسران ضرورت پڑنے پر محکمہ کسٹم اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی مدد لے سکیں گے۔
ترامیم کے تحت پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس 2015 ایکٹ میں ترامیم کی جائیں گی، بل کی حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے۔
مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ یہ سیس صرف برآمدات اور درآمدات پر لگایا جا رہا ہے، یہ نیا نہیں ہے کافی عرصے سے ہے، ہم بس اس کو بہتر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوسرے صوبوں میں یہ بہت زیادہ ہے پنجاب میں کم ہے، یہ ٹیکس صرف کسٹم کی چیزوں پر لگتا ہے جو ملک کے اندر آ رہی ہیں یا باہر جا رہی ہیں۔
مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ سندھ اس سے 170 ارب اکٹھا کر رہا ہے، پنجاب صرف 9 یا 10 ارب اکٹھا کر رہا ہے۔