عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی ریکارڈ
نیویارک: (دنیا نیوز) عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث توانائی کی عالمی مارکیٹ میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے۔
امریکی خام تیل کی قیمت میں 12.30 ڈالر فی بیرل کمی ہوئی ہے جس کے بعد یہ 89.94 ڈالر فی بیرل پر آ گیا ہے، اسی طرح برطانوی خام آئل کی قیمت بھی 11.28 ڈالر کم ہو کر 98.25 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ کر رہی ہے۔
دوسری جانب نیچرل گیس کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی ہے، جو 2.76 فیصد کم ہو کر 2.73 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تک آ گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق تیل کی قیمتوں میں اس کمی کی ممکنہ وجوہات میں عالمی طلب میں سست روی، سپلائی میں اضافہ اور بین الاقوامی معاشی غیر یقینی صورتحال شامل ہو سکتی ہیں، بعض تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ رجحان برقرار رہا تو اس کے اثرات عالمی معیشت کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا براہ راست اثر پاکستان سمیت دیگر درآمدی ممالک کی معیشت پر پڑتا ہے، جہاں قیمتوں میں کمی سے عوام کو ریلیف ملنے کا امکان ہوتا ہے۔