سڑکوں پر پھرنے والا فرار زیبرا حقیقت میں گدھا نکلا
ییریوان: (ویب ڈیسک) میاسنیکیان ایوینیو کے علاقے میں دیکھا گیا زیبرا در اصل گدھا نکلا۔
دارالحکومت ییریوان پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک زیبرا سڑک پر آزاد گھوم رہا ہے۔ اطلاع دینے والے نے بتایا کہ یہ زیبرا ییوران چڑیا گھر سے فرار ہوا ہے اور میاسنیکیان ایوینیو کے علاقے میں دیکھا گیا۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور متعلقہ حکام حرکت میں آئے۔ تاہم، کچھ دیر بعد حقیقت سامنے آگئی۔ چڑیا گھر کی انتظامیہ نے وضاحت کی کہ فیسیلیٹی سے کوئی زیبرا فرار نہیں ہوا بلکہ ایک شہری نے اپنے گدھے کو سیاہ اور سفید دھاریوں سے رنگ کر سڑک پر چھوڑ دیا تھا تاکہ ویڈیو بنا سکے۔
چڑیا گھر کے مطابق ان کے تمام زیبرا محفوظ ہیں اور اپنی مخصوص جگہ پر موجود ہیں۔ انتظامیہ نے اس عمل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جانوروں پر اس طرح کے کیمیکل یا رنگ استعمال کرنا ان کی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے اور لوگوں کو ایسے مزاق سے گریز کرنا چاہیے۔
پولیس گدھے کو زیبرا کی طرح رنگنے والے شخص کی شناخت کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔