یوٹیوبر رجب بٹ کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم جاری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے یوٹیوبر رجب بٹ کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اعظم خان نے رجب بٹ کا نام پی سی ایل سے نکالنے کے کیس کا 6 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ متعلقہ ادارے درخواست گزار کا نام فوری پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالیں، کوئی اورقانونی رکاوٹ یا کسی مجازعدالت کا حکم نہ ہو تو نام پی سی ایل سے خارج کریں۔
عدالت نے کہا کہ پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام شامل کرنے کا یہ اختیار لامحدود نہیں، اس اختیار کو منصفانہ اور قانونی طریقے سے استعمال کیا جانا چاہیے، نام پی سی ایل میں شامل کرنے سے فرد کا آزادانہ نقل و حرکت کا حق متاثر ہوتا ہے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ ایسی کسی بھی قسم کی پابندی عائد کرنے کے لیے ٹھوس وجوہات درکار ہوتی ہیں، پی سی ایل میں نام رکھنے کا مقصد فرد کی تفتیشی ادارے یا عدالت میں حاضری یقینی بنانا ہے، مقصد حاصل ہو جائے تو پابندی کا جاری رہنا غیرضروری ہو جاتا ہے۔