لاہورہائیکورٹ نے میشا شفیع کیخلاف 50 لاکھ ہرجانے کا فیصلہ مشروط طور پر معطل کر دیا

لاہور: (دنیا نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے میشا شفیع کے خلاف 50 لاکھ ہرجانے کا فیصلہ مشروط طور پر معطل کر دیا۔

جسٹس احمد ندیم ارشد نے میشا شفیع کی اپیل پر سماعت کی، میشا شفیع کی جانب سے ایڈووکیٹ ثاقب جیلانی پیش ہوئے،عدالت نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ مکمل طور پرمعطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔

جسٹس احمد ندیم نےریماکس دئیےکہ ٹرائل کورٹ نےاپنے فیصلے میں میشا شفیع کو دوبارہ جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کرنے سے روکا ہے، ٹرائل کورٹ کےاس فیصلےکو معطل نہیں کرسکتے، کسی کو اجازت نہیں دے سکتے کہ وہ جنسی ہراسانی کے الزامات لگائے۔

اپیل میں موقف اختیار کیا گیا کہ سیشن کورٹ نےعلی ظفر کا دعویٰ درست قرار دیتے ہوئےمیشا شفیع کو 50 لاکھ ہرجانے کا حکم دیا تھا۔

عدالت نےحکم دیاکہ میشا شفیع جرمانےکی آدھی رقم ہائیکورٹ میں جمع کروائیں جبکہ باقی رقم کے لیے شورٹی بانڈ جمع کرایا جائے، سماعت کےدوران عدالت نے گلوکار علی ظفر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

یاد رہے کہ سیشن کورٹ نے علی ظفر کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے میشا شفیع کو 50 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے خلاف انہوں نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں