’گھر والے شادی نہیں کرتے، پولیس کروا دے‘ بھارتی خاتون تھانے پہنچ گئی

لکھنؤ: (ویب ڈیسک) بھارت میں ایک خاتون نے پولیس کے پاس شکایت درج کروائی ہے کہ گھر والے ان کی شادی نہیں کروا رہے لہٰذا پولیس سے استدعا ہے کہ کسی اچھے شخص کے ساتھ شادی کروا دی جائے۔

ٹریبیون انڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے علاقے سرائے عنایت کی رہائشی مادھوری پٹیل نے پولیس کو دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ گھر والے اخراجات سے بچنے کے لیے شادی نہیں کروا رہے۔

مادھوری پٹیل نے کہا کہ وہ شادی کرنا چاہتی ہیں مگر بھائی اور ان کی بیوی راہ میں رکاوٹ بن جاتے ہیں اور کئی رشتوں کے لیے انکار کر دیا، خاتون نے درخواست میں بھائی پر الزام لگایا کہ انہوں نے خاندانی زمین اپنے نام پر منتقل کروا لی ہے اور ان کی شادی کی ذمہ داری اٹھانے کے لیے تیار نہیں۔

انہوں نے اپنی درخواست میں والد، والدہ، بھائی اور بھابی کو فریق قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ 20 برس سے اکیلی رہ رہی ہیں اور اپنے اخراجات بھی خود برداشت کر رہی ہیں۔

انہوں نے گھر والوں پر ان کے لیے نازیبا زبان استعمال کرنے کا بھی الزام لگایا ہے جبکہ ذہنی تشدد کے علاوہ ایک بار ان پر حملہ بھی کیا گیا، خاتون کی جانب سے درخواست میں پولیس سے استدعا کی گئی ہے کہ کوئی اچھا آدمی دیکھ کر شادی کرا دی جائے تاکہ وہ عزت کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شکایت سامنے آنے کے بعد ۔معاملے کی تحقیق شروع کر دی ہے اور شواہد کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں