کراچی بندرگاہ پر کارروائی، غیر قانونی سی مین بکس رکھنے پر جرمانہ عائد
کراچی: (دنیا نیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے کراچی بندرگاہ پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی سی مین بکس رکھنے پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
کلیئرنس کے دوران بے ضابطگیاں سامنے آئیں، جہاز میں 17 عملہ سوار تھا جن میں 10 بنگلہ دیشی اور 7 بھارتی شہری شامل تھے۔
جہاز عمان کے شہر شناس سے تقریباً 3000 میٹرک ٹن بلیک کاربن آئل لے کر کراچی پہنچا تھا، ایف آئی اے ٹیم نے تین بنگلا دیشی عملے کو بغیر درست سی مین بکس کے سفر کرتے ہوئے پایا۔
متعلقہ افراد کے پاس نہ فلیگ سٹیٹ اور نہ ہی قومی سی مین بکس موجود تھے، انہوں نے آئرلینڈ سے جاری کردہ غیر قانونی سی مین بکس پیش کئے، ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ سی مین بکس آن لائن ٹریننگ کے بعد کوریئر کے ذریعے حاصل کئے گئے۔
جہاز کے ماسٹر کو آگاہ کر کے فی کس 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، مجموعی طور پر 15 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
شپنگ کمپنی کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے اور رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی، قانونی تقاضوں کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس ہے جبکہ ایف آئی اے کی بندرگاہوں پر کڑی نگرانی جاری ہے۔