مریخ پر بستی کے ہدف پر ایلون مسک کیلئے اربوں ڈالر کے انعام کا اعلان

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی خلائی کمپنی سپیس ایکس نے اپنے سربراہ ایلون مسک کیلئے ایک غیر معمولی مراعاتی منصوبہ تیار کیا ہے، جس کے تحت مریخ پر انسانی بستی قائم کرنے کی صورت میں انہیں بڑے پیمانے پر کمپنی حصص بطور انعام دیے جائیں گے۔

اطلاعات کے مطابق اگر کمپنی کی مالیت ساڑھے 7 کھرب ڈالر تک پہنچ جاتی ہے اور مریخ پر کم از کم 10 لاکھ افراد پر مشتمل آبادی قائم ہو جاتی ہے تو ایلون مسک کو 200 ملین خصوصی ووٹنگ والے محدود حصص دیے جا سکتے ہیں، کمپنی کی ممکنہ ابتدائی عوامی پیشکش کے وقت اس کی مالیت تقریباً 1.75 کھرب ڈالر لگائی جا رہی ہے۔

مزید برآں، اگر کمپنی خلا میں ڈیٹا سینٹرز قائم کر کے بڑی کمپیوٹنگ صلاحیت حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو ایلون مسک اضافی حصص کے بھی اہل ہوں گے، کمپنی کے موجودہ حصص ڈھانچے کے باعث ان کے پاس پہلے ہی فیصلہ سازی کا نمایاں اختیار موجود رہے گا۔

ایلون مسک طویل عرصے سے مریخ پر انسانی بستی کے قیام کے حامی ہیں اور اس مقصد کے لیے ہزار خلائی جہازوں پر مشتمل بیڑا بنانے کا تصور بھی پیش کر چکے ہیں تاکہ بڑی تعداد میں لوگوں کو مریخ منتقل کیا جا سکے، تاہم ماہرین کے مطابق یہ ہدف انتہائی مشکل اور پیچیدہ دکھائی دیتا ہے۔

دوسری جانب امریکی خلائی ادارے ناسا کے مطابق مریخ پر انسانوں کی پہلی لینڈنگ آئندہ دہائی کے آخر یا اس کے بعد متوقع ہے، جس میں ابتدائی طور پر محدود تعداد میں افراد کو بھیجا جائے گا۔

ایلون مسک خود بھی اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ مریخ پر زندگی خطرناک، محدود اور انتہائی دشوار ہوگی، اور وہاں جانے والے افراد کے لیے واپسی بھی یقینی نہیں ہوگی، تاہم یہ قدم انسانی تاریخ کا ایک غیر معمولی سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں