بھارت نے اپنی تاریخ کی سب سے بڑی غلطی کی: عظمیٰ بخاری
لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مئی 2025 میں بھارت نے اپنی تاریخ کی سب سے بڑی غلطی کی۔
عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے پاکستان پر جارحیت مسلط کی، جس کے جواب میں پاکستان نے مؤثر ردعمل دیتے ہوئے دشمن کو سخت جواب دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے چند لمحوں میں بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا، جبکہ پاک فضائیہ نے بھارتی طیاروں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ مئی کی جنگ میں بھارت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کا صدمہ وہ ایک سال بعد بھی نہیں بھلا سکا، اس معرکے میں پاکستان کی کامیابی کو دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا اور پاک فوج کو ایک پروفیشنل فورس کے طور پر سراہا گیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ آپریشن "بنیان مرصوص" دنیا کی افواج کے لیے ایک سٹڈی کیس بن چکا ہے اور پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، پاکستانی قوم نے اس جنگ میں سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کیا اور بھارت کی کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے آج بھی اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
مزید برآں، عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جب بھی پاکستان کے دفاع کی بات آئے گی، پوری قوم متحد ہو کر ایک آواز بنے گی۔