لبنان میں اسرائیلی فورسز کی بربریت جاری، خواتین سمیت 4 افراد شہید
بیروت: (دنیا نیوز) لبنان میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری ہیں جبکہ حالیہ حملوں میں شدت آنے سے صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی گولہ باری کی گئی جبکہ مشرق میں فضائی حملے کے نتیجے میں خواتین سمیت 4 افراد شہید ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق بقاع وادی کے گاؤں زیلایا میں بمباری سے متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں اور کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
اسی دوران صور کے نواحی علاقوں المہ الشعب اور طیر حرفا کو بھی نشانہ بنایا گیا جبکہ اسرائیلی شیلنگ کا دائرہ مجدل زون، بیت الصیاد اور المنصوری تک پھیل گیا ہے۔
حالیہ حملوں نے خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے اور شہری آبادی شدید متاثر ہو رہی ہے جبکہ عالمی سطح پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔