ایران کسی بھی قسم کی دھمکیوں کے سامنے نہیں جھکے گا: مسعود پزشکیان
تہران: (دنیا نیوز) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کسی بھی قسم کی دھمکیوں کے سامنے نہیں جھکے گا اور اسلامی جمہوریہ کو کوئی بھی خوفزدہ نہیں کر سکتا۔
اپنے بیانات اور سوشل میڈیا پیغامات میں ایرانی صدر نے کہا کہ مسلمان صرف اللہ کے سامنے جھکتے ہیں اور کسی بھی طاقت کے دباؤ کو قبول نہیں کرتے، انہوں نے امریکی حکام پر زور دیا کہ وہ ایران کو فوجی حملوں کی دھمکیاں دینا بند کریں۔
— Masoud Pezeshkian (@drpezeshkian) May 5, 2026
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی نظام میں ناانصافی، قانون کی خلاف ورزی اور ظلم بڑھ رہا ہے، جس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ سیاست کو صرف طاقت تک محدود کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران خود کو ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر پیش کرتا ہے جو اخلاقی اصولوں پر قائم ہے اور عالمی سطح پر انصاف اور استحکام کا حامی ہے۔
ماہرین کے مطابق ایرانی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے اور خطے میں فوجی تناؤ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔