واشنگٹن کو عسکری کارروائیاں جاری رکھنے پر شکست کا سامنا کرنا پڑیگا: محسن رضائی
تہران: (دنیا نیوز) ایران کے ایک سینئر عہدیدار نے امریکی قیادت کو خبردار کیا ہے کہ اگر واشنگٹن نے خطے میں اپنی عسکری کارروائیاں جاری رکھیں تو امریکی افواج کو شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایران کی پاسداران انقلاب کے سابق کمانڈر اور مصالحتی کونسل کے موجودہ رکن محسن رضائی نے امریکی اعلیٰ قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا امریکا کے صدر، وزیر جنگ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف میں ایک بات مشترک ہے، وہ اپنے وہم کو کامیابی کے طور پر پیش کرتے ہیں۔
محسن رضائی نے کہا ایران کی طاقتور مسلح افواج تیار کھڑی ہیں، امریکی افواج کے لیے جو کچھ منتظر ہے وہ نار منڈی یا سسلی جیسا نہیں بلکہ طبس جیسا ہوگا۔ وہم میں نہ رہیں۔
انہوں نے کہا کہ طبس کا حوالہ دراصل اپریل 1980 کے اس امریکی مشن کی طرف اشارہ سمجھا جاتا ہے جس کا مقصد تہران میں یرغمال بنائے گئے امریکیوں کو چھڑانا تھا، یہ کارروائی تکنیکی خرابیوں اور ایرانی صحرا میں ایک مہلک فضائی تصادم کے باعث ناکام ہو گئی تھی، جس میں آٹھ امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔