امریکی ڈیموکریٹس کا اسرائیل کے جوہری پروگرام پر ابہام ختم کرنے کا مطالبہ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی ایوان نمائندگان کے 30 ڈیموکریٹ ارکان نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے اسرائیل کے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام سے متعلق پائی جانے والی غیر یقینی صورتحال کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

امریکی ایوان نمائندگان کے 30 ڈیموکریٹ ارکان نے وزیر خارجہ مارکو روبیو کو لکھے گئے خط میں کہا کہ امریکہ ایسے ملک کے ساتھ مل کر جنگ میں شریک ہے جس کے ممکنہ جوہری پروگرام کو امریکی حکومت سرکاری طور پر تسلیم کرنے سے گریز کرتی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ کانگریس کی ذمہ داری ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں جوہری توازن، کسی بھی فریق کی جانب سے کشیدگی میں اضافے کے خطرات اور ایسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومت کی حکمت عملی اور تیاریوں سے مکمل طور پر آگاہ ہو۔

خط میں لکھا گیا کہ اسرائیل کے حوالے سے سرکاری ابہام کی پالیسی مشرق وسطیٰ میں جوہری پھیلاؤ کو روکنے کی کوششوں کو ناممکن بنا دیتی ہے، ایران کا جوہری پروگرام کو آگے بڑھانے کا فیصلہ خلا میں نہیں ہوتا بلکہ خطے کے دیگر ممالک کی سمجھی جانے والی صلاحیتوں کے ردعمل میں ہوتا ہے۔

ارکان نے لکھا کہ اسرائیل کو بھی اسی سطح کی شفافیت کا پابند بنایا جائے جس کا تقاضا امریکہ دیگر ممالک سے کرتا ہے جو جوہری ہتھیاروں کی صلاحیت رکھتے ہیں یا حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیل کے بارے میں عام طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ وہ جوہری صلاحیت رکھتا ہے، تاہم اس نے مسلسل اس کی تردید کی ہے اور اس حوالے سے اس پر شفافیت کیلئے بہت کم دباؤ ڈالا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں