ای سی سی نے وزیراعظم گھر پروگرام میں توسیع سمیت متعدد منصوبوں کی منظوری دیدی
اسلام آباد:(دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے وزیراعظم گھر پروگرام میں توسیع سمیت متعدد منصوبوں کی منظوری دے دی۔
وفاقی دارالحکومت میں وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس ہوا جس میں متعدد منصوبوں کے حوالے سے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزراتِ خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق نظرثانی شدہ فریم ورک میں اوورسیز پاکستانیوں اور نجی شعبے کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ ہوا، نیشنل سٹیل کمپلیکس لمیٹڈ کی بحالی کیلئے گیس کی فراہمی کی منظوری دے دی گئی جس کےآپریشنز کی بحالی کیلئے گیس کی فراہمی ٹیرف اور دستیابی سے مشروط ہوگی۔
اعلامیہ میں بتایا کہ پاکستان ایکسلیریٹڈ وہیکل الیکٹریفکیشن پروگرام کے دوسرے مرحلے کے آغاز کی منظوری دی گئی اور نئی ای وی پالیسی کے تحت الیکٹرک گاڑیوں کی کارکردگی اور رسائی بہتر بنائی جائے گی۔
اِسی طرح ملک بھر کی تمام ڈسکوز بشمول کے الیکٹرک کیلئے یکساں سسٹم چارجز لاگو کرنے کی منظوری دی گئی، ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کیلئے 2.5 ارب کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی۔
وزراتِ خزانہ کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ حکام کو فنڈز تنخواہوں، پیداواری سامان اور واجبات کی ادائیگی کیلئے جاری ہوں گے، اسلام آباد میں دانش سکول کے آپریشنل اخراجات کیلئے 35 کروڑ روپے منظور ہوئے۔
دوسری جانب کمیتی نے نارووال میں فیض احمد فیض کمپلیکس کی تعمیر کیلئے 10 کروڑ روپے اور جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات کے اخراجات کیلئے 5 کروڑ 96 لاکھ روپے کی منظوری دی۔