نواز شریف نے آزاد کشمیر پارلیمانی بورڈ کا اہم اجلاس 8 مئی کو طلب کرلیا

لاہور:(دنیا نیوز)مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر پارلیمانی بورڈ کا اہم اجلاس 8 مئی کو لاہور طلب کر لیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق میاں محمد نواز شریف آزاد کشمیر انتخابات 2026 کے لیے قائم پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس صبح 11 بجے مسلم لیگ (ن) سیکرٹریٹ 180-ایچ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہوگا۔

پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے بعد 11 بج کر 30 منٹ پر ٹکٹ کے امیدواروں سے ملاقات ہوگی، آزاد کشمیر انتخابات کے لیے ٹکٹ کے امیدواروں کو اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت آئندہ انتخابات کے لیے حکمت عملی اور امیدواروں کے معاملات کا جائزہ لے گی، آزاد کشمیر کی قیادت کی جانب سے انتخابی حلقوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی جائے گی، مہاجرین کے 12 حلقوں کے ٹکٹوں کی حتمی منظوری اور اعلان کا امکان ہے۔

دوسری جانب صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر شاہ غلام قادر کی قیادت میں آزاد کشمیر پارلیمانی بورڈ کے اراکین، عہدیداران اور ٹکٹ کے امیدوار اجلاس میں شریک ہوں گے،پارلیمانی بورڈ میں وزیر اعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار بھی شامل ہوں گے۔

علاوہ ازیں وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام کے علاوہ احسن اقبال، خواجہ آصف، مریم نواز اور حمزہ شہباز بھی اجلاس میں شریک ہوں گے جب کہ رانا ثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق اور مریم اورنگزیب، کیپٹن (ر) محمد صفدر، پرویز رشید، برجیس طاہر اور انوشہ رحمان بھی بھی پارلیمانی بورڈ کا حصہ ہوں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں