ایف بی آر میں ڈیجیٹائزیشن اور اصلاحات کے بہتر نتائج آ رہے ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ الحمدللہ ایف بی آر میں ڈیجیٹائزیشن اور جاری اصلاحات کے بہتر نتائج آ رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر میں جاری اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس کو ٹیکس مقدمات کے حوالے سے بنائی گئی ٹاسک فورس کی رپورٹ پیش کی گئی۔

شہباز شریف نے ٹاسک فورس کے سربراہ شاد محمد خان اور دیگر ممبران کا محنت اور جانفشانی سے رپورٹ مرتب کرنے پر اظہار تحسین، وزیراعظم نے ٹاسک فورس کی طرف سے پیش کردہ ایکشن پلان کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم نے ایکشن پلان کو ٹائم لائنز کے ساتھ پیش کرنے اور ٹیکس تنازعات کے جلد حل کے لیے اے ڈی آر (Alternate Dispute Resolution) کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس نظام سے عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم ہو گا اور ٹیکس مقدمات کا فیصلہ جلد ہو گا، کمیٹی کی رپورٹ میں مجوزہ سی ایل ایم ایس (Centralized Litigation Management System) کو جلد از جلد قائم کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر کے قانونی ونگ میں ضرورت کے مطابق بہترین افرادی قوت کی خدمات لی جائیں، افرادی قوت کی خدمات کے حصول میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں ٹاسک فورس نے 6 اصلاحات پر مبنی ایکشن پلان پیش کیا، پلان میں کیس سکروٹنی کمیٹیوں کی تشکیل، سی ایل ایم ایس، کمشنرز سمیت تمام افسران کی کارکردگی کی رپورٹس کا مقدمات کے نتائج سے منسلک کیا جانا اور دیگر اصلاحات شامل ہیں۔

شرکا کو بریفنگ دی گئی کہ ٹیکس کے تنازعات کے ڈیٹا کو منظم کرنے کے لیے خصوصی طور پر تیار کردہ سی ایل ایم ایس کا ڈیجیٹل نظام بنایا جائے گا، نئے نظام سے ٹیکس مقدمات اور تنازعات کی درست رپورٹنگ ممکن ہو گی جس سے ان مقدمات کی بروقت پیروی ہو سکے گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سال اے ڈی آر کے فورم سے اب تک ٹیکس تنازعات کے فیصلوں سے قومی خزانے میں 24 ارب روپے وصول ہو چکے ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، شاد محمد خان سمیت ٹاسک فورس کے ارکان اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں