متحدہ عرب امارات کے صدر سے عالمی رہنماؤں کا رابطہ، ایرانی حملوں کی شدید مذمت کی
ابوظہبی: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات کے صدر سے عالمی رہنماؤں نے رابطہ کیا اور ایرانی حملوں کی شدید مذمت کی۔
متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق خطے کے متعدد رہنماؤں نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے رابطہ کیا اور امارات میں شہریوں، شہری تنصیبات پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی۔
رپورٹ کے مطابق ان رہنماؤں میں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو بھی شامل تھے جنہوں نے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران امارات کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
ان رہنماؤں نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا اور ملکی سلامتی و استحکام کے تحفظ کے لئے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کا یقین دلایا تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس کے علاوہ اردن کے بادشاہ اور شمالی عراق کے کردستان خطے کے رہنما نے بھی متحدہ عرب امارات کے صدر کو ٹیلیفون کیا جس میں انہوں نے بھی حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔