14 مئی کو بڑے جلسہ میں لائحہ عمل کا اعلان کریں گے: فضل الرحمان
چارسدہ: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 14 مئی کو کراچی میں ایک بڑے جلسے میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کی رہائش گاہ پہنچے اور اہلِ خانہ سے تعزیت کی، مرحوم کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور دعا کروائی، انہوں نے مولانا محمد ادریس کے انتقال کو دینی و علمی حلقوں کیلئے بڑا نقصان قرار دیا۔
مولانا فضل الرحمان نے اپنے خطاب میں مرحوم کی دینی، علمی اور اصلاحی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ مرحوم کی جدائی اہلِ خانہ سمیت پورے عالمِ اسلام کے لیے گہرا صدمہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داران کو گرفتار کر کے سامنے لایا جائے، جمعہ کو پورے ملک اور جے یوآئی کے ہیڈ کوارٹر میں بھرپور مظاہرے کیے جائیں گے۔
— Jamiat Ulama-e-Islam Pakistan (@juipakofficial) May 6, 2026
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان آج اگر قائم ہے تو علماء کی وجہ سے ہے، ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم نے کبھی پرتشدد سیاست نہیں کی، باجوڑ میں ہم نے 80 افراد کے جنازے اٹھائے، قبائلی علاقوں میں بھی جنازے اٹھائے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ظالم ہمیں مشتعل کرنا اور ہمارے مشن کو خون آلود کرنا چاہتے ہیں، ہم اپنے ہاتھ کسی معصوم مسلمان کے خون سے نہیں رنگیں گے، اسرائیل اور صہیونی عناصرمسلمانوں کا خون بہا رہے ہیں، یہاں خون بہانے والے بھی اسی سوچ کے حامل ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم اس وطن سے محبت رکھتے ہیں اور اسے اسلام کا گہوارہ بنانا چاہتے ہیں، ہم حق بات کہیں گے اور باطل کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہوں گے۔