شادی کے بعد میکے جانے کی اجازت؟ دلہن کا جذباتی سوال سوشل میڈیا پر وائرل

ممبئی: (ویب ڈیسک) انڈیا میں ایک دلہن کی جذباتی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں وہ آبدیدہ نظر آتی ہے کہ کیا اب اسے اپنے ہی گھر یعنی میکے جانے کیلئے بھی اجازت لینی پڑے گی۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دلہن شادی کی رسومات کے دوران رو پڑتی ہے اور اس کے جذباتی الفاظ وہاں موجود افراد کو بھی اشکبار کردیتے ہیں۔

ویڈیو کے ساتھ شیئر کیے گئے تفصیلی نوٹ میں دلہن نے لکھا کہ معاشرے میں اکثر کہا جاتا ہے کہ شادی کے بعد عورت کا اصل گھر اس کے شوہر کا گھر ہوتا ہے، تاہم وہ اس سوچ سے مکمل اتفاق نہیں کرتی۔

خاتون نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس گھر میں وہ پیدا ہوئیں، پلی بڑھیں اور جہاں ان کی یادیں اور شناخت وابستہ ہیں، وہ ہمیشہ ان کا گھر رہے گا، نئی زندگی اور نئے رشتے بھی ان کے لیے اہم ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ بچپن کے گھر کی اہمیت ختم ہوجائے۔

انہوں نے لکھا کہ شادی کی رسم کے دوران جب پنڈت نے کہا کہ شادی کے بعد میکے جانے کے لیے اجازت لینا پڑسکتی ہے تو انہوں نے فوراً سوال کیا کہ کیا اب اپنے ہی گھر جانے کے لیے بھی اجازت مانگنا ہوگی؟

خاتون کے مطابق اس موقع پر ان کے شوہر نے دھیرے سے کہا کہ وہ تمہارا گھر ہے، تم جب چاہو وہاں جاسکتی ہو۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر نئی بحث کا سبب بن گئی ہے جہاں کئی خواتین نے ایسی روایتی رسومات پر تنقید کی جبکہ متعدد صارفین نے دلہن کے جذباتی موقف سے ہمدردی اور حمایت کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں