آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص کا ایک سال مکمل ہونے پر مظفر آباد میں یوم تشکر تقریب
مظفرآباد: (دنیا نیوز) معرکۂ حق آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص میں پاکستان کی عظیم فتح کے ایک سال مکمل ہونے پر دارالحکومت مظفرآباد میں یومِ تشکر کی مرکزی تقریب شایانِ شان انداز میں منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیراعظم آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور تھے، جنرل آفیسر کمانڈنگ چنار ڈویژن، صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر چوہدری محمد یاسین نے شرکت کی۔
موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید، وزراء حکومت چوہدری یاسر سلطان، سید بازل علی نقوی، محترمہ نبیلہ ایوب ، چیف سیکرٹری خوشحال خان، آئی جی کیپٹن ( ر) لیاقت علی ملک سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب میں وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور شہداء کی قربانیوں کو بھرپور انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ پاکستان کے معروف گلوکار علی عظمت اور آئمہ بیگ نے ملی نغمے پیش کرکے حاضرین کا جوش و جذبہ دیدنی بنا دیا، جبکہ بچوں کے خوبصورت ٹیبلوز نے شرکاء کے دل جیت لیے، تقریب میں قومی کرکٹر محمد حارث بھی شریک ہوئے۔
مقامی گلوگار راجہ عمران، عبدالباسط، نتاشا خان نے بھی پرفارم کیا، اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر اور کمانڈنگ آفیسر چنار ڈویژن نے شہداء کے ورثا میں شیلڈز تقسیم کیں اور ان کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
آزاد جموں و کشمیر کے دیگر اضلاع اور تحصیلوں میں بھی آپریشن بنیان مرصوص کا پہلا سال مکمل ہونے پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا، ان تقریبات میں عام شہریوں کے ساتھ ساتھ نوجوانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔
سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں بھی سمینارز اور تقریری مقابلے ہوئے جہاں طلبہ و طالبات نے پاک فوج کی دفاعی صلاحیتوں پر روشنی ڈال کر شہدا کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔