ایران کے فضائی دفاعی نظام نے بندر عباس شہر میں 2 ڈرونز مار گرائے
تہران: (دنیا نیوز) ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے بندر عباس شہر میں 2 ڈرونز مار گرائے ہیں۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کے جنوبی علاقے بندر عباس اور قشم جزیرے میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
خبر رساں ادارے میزان نیوز ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ قشم میں سنے جانے والے دھماکوں کی وجہ فضائی دفاعی نظام کی کارروائی تھی، جس میں متعدد چھوٹے ڈرونز کو روکا گیا۔
تسنیم نیوز ایجنسی نے بھی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ بندر عباس میں فضائی دفاعی نظام نے 2 ڈرونز کو مار گرایا ہے۔
مغربی تہران میں فضائی دفاعی نظام فعال کر دیا گیا
ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے نے اطلاع دی ہے کہ مغربی تہران میں ایرانی فضائی دفاعی نظام کو فعال کر دیا گیا ہے۔
مہر خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی فضائی دفاعی نظام دشمنانہ اہداف کا مقابلہ کر رہا ہے، تاہم فوری طور پر ان اہداف کی نوعیت یا کسی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔