آبنائے ہرمز:ایران نے چینی جہازوں کو گزرنے کی اجازت دیدی،بھارتی جہاز غرق

آبنائے  ہرمز:ایران  نے  چینی  جہازوں  کو  گزرنے  کی  اجازت  دیدی،بھارتی   جہاز  غرق

ایران کے مختلف ممالک کیساتھ معاہدے ، مشروط اجازت دی جا رہی ، 30جہاز آبنائے ہرمز عبور کرچکے ،پاسداران انقلاب فجیرہ میں جہاز پر غیر مجاز افراد کا قبضہ، ایران لے جا رہے ،بھارتی جہاز پر میزائل یا ڈرون حملہ ہوا :برطانوی بحری سکیورٹی کمپنی

تہران (نیوز ایجنسیاں )آبنائے ہرمز کے قریب جہازوں پر نئے حملے ہوئے ہیں جبکہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے جمعرات کو کہا کہ بحری فورسز نے آبنائے ہرمز سے کئی چینی جہازوں کو گزرنے کی اجازت دے دی ہے ، یہ عمل گزشتہ رات سے شروع ہوا ہے ۔تجارتی سمندری راستے پر پیش آنے والے تازہ واقعے میں، افریقہ سے متحدہ عرب امارات جانے والا مویشیوں سے  لدا ایک بھارتی کارگو جہاز جمعرات کو عمان کے ساحل کے قریب ڈوب گیا۔بھارت نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جہاز کے عملے کے تمام 14ارکان کو عمانی کوسٹ گارڈ نے بچا لیا۔برطانوی بحری سکیورٹی کمپنی ’’وینگارڈ‘‘کے مطابق جہاز پر میزائل یا ڈرون حملہ ہوا، جس کے باعث دھماکا ہوا اور جہاز ڈوب گیا۔ایک اور واقعے میں برطانیہ کی بحری سکیورٹی ایجنسی یو کے ایم ٹی او نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ فجیرہ کے قریب لنگر انداز ایک جہاز پر غیر مجاز افراد سوار ہو گئے اور اسے ایران کی طرف لے جا رہے تھے ۔

فجیرہ کی اہمیت اس لیے زیادہ ہے کیونکہ یہ متحدہ عرب امارات کی وہ واحد تیل بندرگاہ ہے جو آبنائے ہرمز کے دوسرے کنارے پر واقع ہے ، جس کے ذریعے کچھ تیل بغیر آبنائے ہرمز سے گزرے عالمی منڈی تک پہنچ سکتا ہے ۔ایران نے گزشتہ ہفتے ایک نیا نقشہ جاری کیا تھا جس میں اس نے اس ساحلی علاقے سمیت بعض سمندری علاقوں کو اپنے کنٹرول میں ظاہر کیا تھا۔اس کے باوجود ایران اب مختلف ممالک کے ساتھ ایسے معاہدے کرتا دکھائی دے رہا ہے جن کے تحت کچھ جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی جا رہی ہے ، بشرطیکہ وہ تہران کی شرائط مانیں۔بدھ کے روز ایک جاپانی آئل ٹینکر آبنائے ہرمز سے گزرا، جس کے بعد جاپان کی وزیرِاعظم نے بتایا کہ انہوں نے ایرانی صدر سے مدد کی درخواست کی تھی۔اسی روز ایک بڑا چینی آئل ٹینکر بھی وہاں سے گزرا، جبکہ ایران کی خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق چین کے بعض جہازوں کو گزرنے دینے پر بھی اتفاق ہو گیا ہے ۔ایران کے پاسداران انقلاب نے کہا کہ بدھ کی شام سے اب تک 30 جہاز آبنائے ہرمز عبور کر چکے ہیں۔ یہ تعداد جنگ سے پہلے روزانہ گزرنے والے تقریباً 140 جہازوں سے کم ہے ، لیکن موجودہ حالات کے لحاظ سے یہ ایک نمایاں اضافہ سمجھا جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں