غزہ کیلئے امدادی بحری بیڑا ترکیہ سے روانہ ہو گیا
ایک سال کے دوران غزہ میں اسرائیلی ناکہ بندی توڑنے کی تیسری کوشش فلسطینی انتہائی مشکلات کا شکار ،دو ریاستی حل آگے بڑھنے کا واحد راستہ :سپین
استنبول،رام اللہ(اے ایف پی) غزہ کیلئے امدادی سامان لے جانے والا بحری بیڑا ترکیہ کے شہر مارمارس سے روانہ ہوگیا۔ منتظمین کے مطابق تقریباً 50 جہاز غزہ کی جانب روانہ ہوئے ہیں۔ یہ ایک سال کے دوران غزہ کی اسرائیلی ناکہ بندی توڑنے کی تیسری کوشش ہے ۔فلسطینی تنظیم فتح کے اجلاس سے ہسپانوی وزیرِاعظم پیڈرو سانچیز نے ویڈیو پیغام کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے دو ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال فلسطینی عوام کیلئے انتہائی مشکل ہے ، دو ریاستی فارمولا ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے ۔امریکا کی ایک وفاقی عدالت نے اقوام متحدہ کی ماہر برائے مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر عائد پابندیوں کو عارضی طور پر روکنے کا حکم دے دیا ۔ یہ پابندیاں جولائی 2025 میں اس وقت لگائی گئی تھیں جب فرانسسکا البانیز نے غزہ سے متعلق امریکی پالیسیوں پر تنقید کی تھی۔ عدالت نے قرار دیا کہ اظہارِ رائے کی آزادی کا تحفظ عوامی مفاد میں ہے ۔ فرانسسکا البانیز نے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پابندیاں ان کے مشن کو کمزور کرنے کی کوشش تھیں۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ لبنان سے داغا گیا ایک دھماکا خیز ڈرون اسرائیلی حدود میں گرنے سے متعدد شہری زخمی ہوگئے ۔