جبری مشقت:امریکا کا پاکستان سمیت60ممالک پر نیا ٹیرف عائد کرنے کا اعلان
ساڑھے 12 فیصد تک اضافی ٹیرف لگے گا ، یہ ممالک جبری مشقت سے تیار اشیا کی درآمد روکنے میں ناکام:امریکا فہرست میں برطانیہ، یورپی یونین،کینیڈا، بھارت بھی شامل ، ٹیرف پالیسی سے کئی ممالک میں مہنگائی ہوئی:ناقدین
واشنگٹن(دنیا نیوز)امریکا نے پاکستان اور بھارت سمیت 60ممالک پر 10 سے ساڑھے 12 فیصد تک نئے ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے ، اس تشویش کے باعث کہ یہ ممالک جبری مشقت کے خلاف مو ثر اقدامات نہیں کر رہے ۔یہ دوسرا موقع ہے جب صدر ٹرمپ کی انتظامیہ نے فروری میں امریکی سپریم کورٹ کی جانب سے ان کے کئی سابقہ محصولات کی منسوخی کے بعد نئے درآمدی ٹیکسز کا اعلان کیا ہے ۔فہرست میں 60 تجارتی شراکت دار، جن میں برطانیہ، یورپی یونین، کینیڈا، پاکستان، انڈیا اور جاپان شامل ہیں، امریکا کو فروخت ہونے والی تقریباً تمام اشیا ہی برآمد کرتے ہیں۔امریکی محکمہ تجارت کا کہنا ہے کہ ان ممالک پر ٹیرف اس لیے عائد کیے جائیں گے کیونکہ وہ جبری مشقت کے ذریعے تیار کی گئی اشیا کی درآمد کو روکنے میں ناکام رہے ہیں۔ناقدین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی ٹیرف پالیسی امریکا اور دیگر ممالک میں قیمتوں میں اضافے کا سبب بنی ہے ۔امریکی حکومت کا مؤقف ہے کہ ایسے ممالک کے ساتھ تجارت کرنا جو جبری مشقت سے بنی اشیا خریدتے ہیں امریکا کے ساتھ ناانصافی ہے ۔امریکی نمائندہ برائے تجارت جیمیسن گریئر نے کہا کہ اس سے ایسی صورتِ حال پیدا ہوتی ہے جس میں امریکی کارکنوں کو عالمی سطح پر غیر مساوی مسابقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ٹیرف کا یہ فیصلہ ان تحقیقات کے بعد سامنے آیا جو امریکا نے مارچ میں جبری مشقت کے خدشات کے پیشِ نظر ان 60 تجارتی شراکت داروں کے خلاف شروع کی تھی جہاں سے مجموعی طور پر 99 درآمدات آتی ہیں۔اپنی تحقیقات کے بعد امریکی محکمہ تجارت نے منگل کو کہا کہ تمام 60 ممالک نہ تو جبری مشقت سے مکمل یا جزوی طور پر تیار ہونے والی اشیا کی درآمد پر قانونی پابندی عائد کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور نہ ہی ایسی پابندی کو مو ثر طریقے سے نافذ کر سکے ہیں۔