امریکا :انگلینڈ فٹبال ٹیم کے ٹریننگ کیمپ کے قریب فائرنگ 3خواتین سمیت 9افراد زخمی
کنساس سٹی (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا میں فٹبال ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل سکیورٹی کے حوالے سے تشویش پیدا ہو گئی ،
انگلینڈ فٹبال ٹیم کے تربیتی کیمپ کے قریب فائرنگ کے ایک واقعے میں3خواتین سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے ۔برطانوی میڈیا کے مطابق پولیس کو ہفتے کی صبح تقریباً 4 بجے کنساس سٹی کی ٹروسٹ ایونیو پر فائرنگ کی اطلاع موصول ہوئی، جب اہلکار موقع پر پہنچے تو وہاں موجود بڑا ہجوم منتشر ہو رہا تھا، 9زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کیاگیا ، تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور کسی کی جان کو خطرہ لاحق نہیں۔پولیس کے مطابق تاحال کسی مشتبہ شخص کو گرفتار نہیں کیا جا سکا، تاہم علاقے میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ اس مقام سے تقریباً چار میل کے فاصلے پر پیش آیا جہاں 13جون کو امریکا پہنچنے والی انگلینڈ کی قومی ٹیم ورلڈ کپ کے ابتدائی مرحلے کے دوران قیام اور تربیت کرے گی،انگلینڈ کی ٹیم اس وقت فلوریڈا میں ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف ہے ۔