کرپٹوکرنسی :ٹرمپ خاندان کو اربوں ڈالر منافع ، سرمایہ کاروں کو نقصان

 کرپٹوکرنسی :ٹرمپ خاندان کو اربوں ڈالر منافع ، سرمایہ کاروں کو نقصان

ٹرمپ پر اعتماد کرکے سرمایہ کاری، ڈیجیٹل اثاثے ابتدائی تیزی کے بعد گر گئے

 واشنگٹن (رائٹرز )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے خاندان سے منسلک کرپٹو کرنسی منصوبوں نے غیر معمولی مالی فوائد حاصل کیے ہیں، جبکہ ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے والے ہزاروں عام سرمایہ کاروں کو بھاری نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق، ٹرمپ خاندان کے کرپٹو منصوبوں، جن میں ورلڈ لبرٹی فنانشل بھی شامل ہے ، نے مجموعی طور پر تقریباً 2.3 ارب ڈالر کا منافع کمایا۔ ٹرمپ خاندان نے اپنی سیاسی شناخت، برانڈ ویلیو اور عوامی مقبولیت کو استعمال کرتے ہوئے ٹوکن فروخت اور مختلف تجارتی معاہدوں سے خاطر خواہ آمدن حاصل کی۔دوسری جانب تحقیقات سے معلوم ہوا کہ عام سرمایہ کاروں کو مجموعی طور پر تقریباً 2.3 ارب ڈالر کے نقصانات برداشت کرنا پڑے ۔ متعدد سرمایہ کاروں نے رائٹرز کو بتایا کہ انہوں نے ٹرمپ کے نام اور اثر و رسوخ پر اعتماد کرتے ہوئے سرمایہ کاری کی، تاہم ابتدائی تیزی کے بعد متعلقہ ڈیجیٹل اثاثوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی آ گئی۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ٹرمپ خاندان نے نسبتاً کم مالی خطرہ مول لیا، جبکہ بعض منصوبوں میں حاصل ہونے والی خالص آمدنی کا بڑا حصہ براہِ راست خاندان کو منتقل ہوا۔ ناقدین کے مطابق اس ماڈل میں منصوبوں کی ترقی اور سرمایہ کاروں کے مفادات کے لیے محدود وسائل مختص کیے گئے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں