ریڈ کارڈ پر ’ٹرمپ کارڈ‘بھاری!فٹبال کی دنیا میں بھونچال

ریڈ کارڈ پر ’ٹرمپ کارڈ‘بھاری!فٹبال کی دنیا میں بھونچال

امریکی فٹبالر پر ایک میچ کی پابندی ٹرمپ نے ایک فون سے اڑا دی ’’ایک بڑی ناانصافی کو درست کرنے پر فیفا کا شکریہ!‘‘:امریکی صدر اس فیصلے کے خلاف ہر ممکنہ قانونی راستہ اختیار کریں گے :بیلجیئم حکام کیا فیصلے اب ریفری کی سیٹی سے زیادہ وائٹ ہاؤس کی گھنٹی پر ہوں گے ؟

واشنگٹن (نیوز ایجنسیاں)کیا فٹبال کے فیصلے اب ریفری کی سیٹی سے زیادہ وائٹ ہاؤس کے فون کی گھنٹی پرہوں گے ؟ فٹبال کی تاریخ میں شاید پہلی بار ایک 'ریڈ کارڈ' پر 'ٹرمپ کارڈ' اس طرح بھاری پڑا ہے کہ فٹبال کی دنیا میں ایک بڑا زلزلہ آ گیا ہے ۔امریکی ٹیم کے سٹار سٹرائیکر فولارن بالوگن پر عائد ایک میچ کی پابندی کو فیفا کی جانب سے اچانک جادوئی انداز میں معطل کیے جانے کے بعد، کھیل کے میدان سے لے کر سوشل میڈیا تک ایک ہی بحث چھڑ گئی ہے کہ کیا فیفا کے قانون کو سپر پاور نے پانی کا بلبلہ بنا دیا ؟ تفصیلات کے مطابق بوسنیا و ہرزیگووینا کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے دوران 25 سالہ امریکی سٹار فولارن بالوگن کو ایک خطرناک فاؤل پر ریفری نے براہِ راست ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا تھا۔ فیفا کے خودکار قوانین کے مطابق، ریڈ کارڈ کا مطلب 'فوری پابندی' ہوتا ہے ۔ اس قانون کے تحت بالوگن کا بیلجیئم کے خلاف 'راؤنڈ آف 16' جیسے زندگی اور موت کے اہم میچ سے باہر ہونا طے تھا۔لیکن پھر وہ ہوا جس کی کسی کو توقع نہ تھی! فیفا نے اپنے ڈسپلنری کوڈ کے آرٹیکل 27 کا جادوئی استعمال کرتے ہوئے بالوگن کی پابندی کو ایک سال کے لیے معطل کر دیا اور بالوگن راتوں رات بیلجیئم کے خلاف کھیلنے کے لیے 'اہل' قرار پا گئے ۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو سے پردے کے پیچھے رابطہ کیا اور اس فیصلے کو بدلنے کے لیے اپنا وزن ڈالا۔فیصلہ آتے ہی صدر ٹرمپ نے بھی خاموشی توڑی اور اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ٹروتھ سوشل' پر فیفا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا:"ایک بڑی ناانصافی کو درست کرنے پر فیفا کا شکریہ!"دوسری جانب، بیلجیئم فٹبال ایسوسی ایشن اس فیصلے پر آگ بگولا ہے اور اسے کھلی ناانصافی قرار دیا ہے ۔ بیلجیئم حکام کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کے واضح قوانین کو ایک طاقتور ملک کے لیے ہوا میں اڑا دیا گیا ہے ، جو 'فیئر پلے ' کے منہ پر طمانچہ ہے ۔ انہوں نے دھمکی دی ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف ہر ممکنہ قانونی راستہ اختیار کریں گے ۔ معطلی مؤخر کرنے پر یوئیفا بھی فیفا پر برس پڑی۔فیفا کے فیصلے پر یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی یوئیفا نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے کھیل کے اصولوں اور شفافیت کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے ۔یوئیفا نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ غیر معمولی، ناقابلِ فہم اور کسی بھی طرح قابلِ جواز نہیں ہے ۔تنظیم کے مطابق جب قوانین کے نفاذ میں یقین اور یکسانیت برقرار نہ رہے تو مقابلے کی ساکھ اور کھیل کی دیانت داری دونوں متاثر ہوتی ہیں۔ اس فیصلے نے انٹرنیٹ پر میمز کا سیلاب لا دیا ہے ۔ فیفا کو شدید ٹرولنگ کا سامنا ہے ، جہاں ایک فٹبال فین نے طنز کے تیر چلاتے ہوئے لکھا:"جب آپ کو سکول سے معطل کر دیا جائے ، لیکن اتفاق سے آپ کے والد ہی سکول کے پرنسپل ہوں!"

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں