جوڈیشل کمیشن کے 4 اہم اجلاس طلب : لاہور ہائیکورٹ کے 10 ایڈیشنل ججز کیلئے 24 امیدواروں پر 21 جولائی کو غور
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ناصر جاوید ، شان گل، غلام سرور نہنگ ودیگر شامل،1 ایڈیشنل جج کی تقرری کی توثیق کا بھی جائزہ لیا جائیگا 20 جولائی کو اسلام آباد ہائیکورٹ کیلئے شاہ رخ ارجمند، واجد حسین ودیگر پر غور ،پشاور،سندھ ،بلوچستان کے ججز کا بھی فیصلہ ہوگا
لاہور (محمد اشفاق سے )جوڈیشل کمیشن نے ملک کی مختلف ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججوں کی تقرری اور دیگر اہم آئینی و انتظامی امور پر غور کیلئے 20 اور 21 جولائی کو سپریم کورٹ میں 4 الگ الگ اجلاس طلب کر لیے ، جوڈیشل کمیشن پاکستان نے لاہور ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کیلئے اہم اجلاس 21 جولائی کو دوپہر 2 بجے سپریم کورٹ کے کانفرنس روم میں طلب کر لیا۔ اجلاس میں ایک ایڈیشنل جج کی تقرری کی توثیق کے علاوہ لاہور ہائیکورٹ میں 10 خالی اسامیوں پر ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کیلئے 24 امیدواروں کے ناموں پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس کی صدارت چیف جسٹس یحیی آفریدی کریں گے ، جبکہ کمیشن کے دیگر آئینی ارکان بھی شریک ہوں گے ۔
مراسلے کے مطابق جن امیدواروں کے نام زیر غور آئیں گے ان میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ناصر جاوید رانا، محمد شان گل، غلام سرور نہنگ، محمد اجمل خان زاہد، امیر عجم ملک، شیریں عمران، اسد علی باجوہ، امجد پرویز، خالد ابنِ عزیز، منور اقبال دگّل، سید فرہاد علی شاہ، بیرسٹر عثمان غنی ،راشد چیمہ، کاشف رجوانہ، سرفراز علی دیال، ساجد خان تنولی، ثاقب جیلانی، محمد وسیم ، اسد محمود عباسی، اشفاق احمد کھرل، دانیال اعجاز، مغیث اسلم ملک، شہزاد خان، نوازش علی پیرزادہ اور افتخار الحق خان شیروانی شامل ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق تمام امیدواروں کا ریکارڈ کمیشن کے ارکان کو بھجوا دیا گیا ہے ۔
اگر کسی رکن کے نزدیک کسی اہل امیدوار کا نام غلطی سے شامل نہیں ہو سکا یا کسی نام کے حوالے سے کوئی اعتراض موجود ہو تو وہ مراسلہ موصول ہونے کے دو روز کے اندر سیکرٹریٹ کو آگاہ کرے گا تاکہ اجلاس میں اس پر غور کیا جا سکے ۔ 21 جولائی کو ہی بلوچستان ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججوں کی تقرری کیلئے امیدواروں کے ناموں پر غور کیا جائے گا۔قبل ازیں 20 جولائی کو ہونے والے اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ، پشاور ہائیکورٹ اور سندھ ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججوں کی تقرری کیلئے ناموں پر غور کیا جائے گا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کیلئے شاہ رخ ارجمند، محمد واجد حسین، عمیر مجید ملک، ایاز شوکت، سید واجد شاہ گیلانی، سید قمر حسین شاہ سبزواری اور سید انتخاب حسین شاہ کے نام زیر غور آئیں گے ۔ اسی روز سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچز کی مدت میں توسیع سے متعلق معاملہ بھی جوڈیشل کمیشن کے ایجنڈے میں شامل ہے ۔