غزہ :اسرائیلی حملے جاری ، 5 فلسطینی شہید،متعدد زخمی
اسرائیلی آبادکارمغربی کنارے میں قائم نئی بستی میں منتقل ہونا شروع اسرائیل کا لبنان، شام اور غزہ میں سکیورٹی زون برقرار رکھنے کا اعلان
غزہ(اے ایف پی)غزہ کی پٹی میں جمعرات کو اسرائیلی حملوں میں کم از کم پانچ فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ، شمالی غزہ کے علاقے طفاح میں اسرائیلی فضائی حملے میں دو افراد مارے گئے ، مشرقی غزہ سٹی کے علاقے زیتون میں ٹینک گولہ باری سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ مغربی غزہ سٹی میں بے گھر افراد کے خیموں پر فضائی حملے میں ایک شخص شہید اور کئی زخمی ہوئے ، خان یونس میں ایک گاڑی کو نشانہ بنانے سے بھی ایک شخص جان سے گیا۔ نصیرات پناہ گزین کیمپ میں ایک رہائشی عمارت کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس سے متعدد قریبی مکانات کو نقصان پہنچا۔ اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے امریکی ہم منصب پیٹ ہیگستھ سے گفتگو میں کہا ہے کہ اسرائیل لبنان، شام اور غزہ میں قائم کیے گئے سکیورٹی زونز میں اپنی فوجیں برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے ۔اسرائیلی آبادکاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس کے قریب جبل عیبال پر قائم نئی اسرائیلی بستی میں منتقل ہونا شروع کر دیا۔ سامریہ ریجنل کونسل کے مطابق ابتدائی خاندان موبائل گھروں میں رہائش اختیار کر رہے ہیں، جبکہ مستقبل میں یہاں 600 خاندانوں کو آباد کرنے کا منصوبہ ہے ۔ فلسطینی حکام نے اس اقدام کو نابلس کا مزید محاصرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئی بستی سے مقامی آبادی کی نقل و حرکت اور روزمرہ زندگی مزید متاثر ہوگی۔ بین الاقوامی قانون کے تحت اسرائیلی بستیاں غیر قانونی سمجھی جاتی ہیں، تاہم وزیر اعظم نیتن یاہو کی حکومت مغربی کنارے میں نئی بستیوں کی منظوری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments