کاکروچ جنتا پارٹی کااحتجاج،راہول گاندھی کا دھرنا،گرفتار و رہا

 کاکروچ جنتا پارٹی کااحتجاج،راہول گاندھی کا دھرنا،گرفتار و رہا

کانگریس رہنما کا پریانکا و دیگر کے ہمراہ مودی کی رہائش گاہ کی جانب احتجاجی مارچ نئی دہلی ہائیکورٹ نے سونم وانگچُک کی نجی ہسپتال میں منتقلی کی اجازت دے دی

نئی دہلی(اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی پولیس کی جانب سے پیر کو کاکروچ جنتا پارٹی کے حامی طلبا کے خلاف کارروائی کے باوجود منگل کو دارالحکومت نئی دہلی میںہزاروں افراد ایک بارپھر جمع ہو گئے ہیں۔ادھرنئی دہلی ہائیکورٹ نے منگل کوبھوک ہڑتال کرنیوالے سماجی کارکن سونم وانگچُک کو سرکاری ہسپتال سے نجی ہسپتال میں منتقلی کی اجازت دے دی ۔ ہائیکورٹ نے یہ حکم سونم وانگچُک کی اہلیہ کی طرف سے دی گئی ایک ایسی درخواست کی سماعت کے بعد جاری کیا، جس میں یہ الزام لگایا گیا تھا کہ ان کے شوہر اس وقت حکام کی غیر قانونی حراست میں ہیں۔ دوسری جانب بھارت میں اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے تعلیمی نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کرنے والے طلبا کے خلاف پولیس کارروائی پر وزیراعظم مودی سے استعفے کا مطالبہ کر دیا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ مودی نے بھارت کے نوجوانوں کا مستقبل تباہ کر دیا ہے ، اس لیے انہیں اپنے عہدے سے مستعفی ہو جانا چاہیے ،راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ طلباکے حقوق اور مستقبل کے تحفظ کیلئے حکومت کو جواب دہ ہونا چاہیے ،حکومت نہ تو اس معاملے کی ذمہ داری قبول کرنا چاہتی ہے اور نہ ہی پارلیمنٹ میں اس پر بحث کرانا چاہتی ہے ۔علاوہ ازیں راہول گاندھی نے پریانکا گاندھی و دیگر اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ نئی دہلی میں وزیراعظم مودی کی رہائش گاہ کی جانب احتجاجی مارچ کیا اوردھرنا دیا،اس دوران اپوزیشن رہنما راہول گاندھی کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔پولیس نے انہیں دیگر اپوزیشن ارکان کے ہمراہ زبردستی حراست میں لے کر بس کے ذریعے منتقل کر دیا۔ راہول گاندھی نے اپنی حراست کی تصاویر جاری کرتے ہوئے کہا کہ احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔ادھر منگل کو اپوزیشن نے طلبا پربے رحمانہ تشدد پر بحث کا مطالبہ کیا، جس کے بعد پارلیمنٹ کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...