غزہ :ملبے سے ملنے والی 112 لاشوں کی اجتماعی تدفین
طویل انتظار کے بعد ہمیں اپنے پیاروں کی تدفین کا موقع ملا:اہلخانہ حماس نے غزہ معاہدے پر بورڈ آف پیس سے وضاحت مانگ لی
غزہ،قاہرہ(اے ایف پی)غزہ سٹی میں اسرائیلی حملوں کے دوران تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے سے برآمد ہونے والی 112 فلسطینیوں کی باقیات کی اجتماعی تدفین کردی گئی۔ غزہ سول ڈیفنس کے مطابق یہ افراد 2023 کے آخر میں ہونے والے حملوں میں شہید ہوئے تھے ۔ تدفین کی تقریب میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی ،اس موقع پر فلسطینی پرچم لاشوں پر رکھے گئے ۔ اہلخانہ کا کہنا تھا کہ طویل انتظار کے بعد ہمیں اپنے پیاروں کی تدفین کا موقع ملا۔ادھر حماس نے غزہ میں جنگ بندی اور اسلحہ حوالے کرنے کے مجوزہ معاہدے سے متعلق بورڈ آف پیس سے وضاحت طلب کرتے ہوئے حالیہ بیانات پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ حماس کا کہنا ہے کہ تازہ بیان میں صرف اسلحہ کی حوالگی کا ذکر کیا گیا جبکہ اسرائیل کی فوجی کارروائیاں روکنے ، انخلا اور انسانی امداد سے متعلق وعدوں کو نظر انداز کیا گیا۔ دوسری جانب قطر نے غزہ منصوبے پر عمل درآمد میں تاخیر کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ اسرائیلی حملوں کا مقصد معاہدے کو ناکام بنانا اور امن عمل میں رکاوٹ ڈالنا ہے ۔جنگ بندی کے ثالث ممالک قطر، مصر اور ترکیہ نے غزہ میں دوبارہ ہونے والے اسرائیلی حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مذمت کی ہے ۔ مشترکہ بیان میں تینوں ممالک نے کہا کہ اسرائیلی اقدامات عالمی قوانین اور بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments