مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یوم آزادی سے قبل کریک ڈاؤن
گھر گھر چھاپے ، محاصرے ، تلاشی کی کارروائیاں ،لوگوں کو ہراساں کیا جا رہا
سرینگر (اے پی پی)بھارتی فوج، پیراملٹری اور پولیس اہلکاروں نے 15اگست کو بھارت کے یوم آزادی سے قبل نام نہاد سکیورٹی کو یقینی بنانے کے نام پر مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے ۔ فورسز مقبوضہ علاقے میں گھر گھر چھاپے ،محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں کر رہی ہیں ، لوگوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے ۔ فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے سینکڑوں نوجوانوں کو گرفتار کر کے پوچھ گچھ کی اور سینکڑوں کوپولیس سٹیشنوں اور فوجی کیمپوں میں طلب کیاگیاہے ۔ مقبوضہ علاقے کی اہم سڑکوں پرفوجی چوکیاں قائم کی گئی ہیں جہاں گاڑیوں اور مسافروں کی تلاشی لی جارہی ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر آزادی پسند تنظیموں نے ممتاز حریت رہنما شیخ عبدالعزیز کو ان کے 18ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدا کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیاہے ۔
حریت رہنماؤں نے اپنے بیانات میں کہا کہ شیخ عبدالعزیز نے شہادت کوترجیح دی لیکن بھارت کی جابرانہ حکمرانی کے سامنے کبھی سر نہیں جھکایا۔ حریت کارکنوں نے مزار شہدا سرینگر پر حاضری دی اور شیخ عبدالعزیز اور دیگر شہدا کی بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔بھارتی فوجیوں نے 2008میں آج کے دن شیخ عزیز کو اس وقت شہید کیا تھاجب وہ جموں کے ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے وادی کشمیرکی معاشی ناکہ بندی کے خلاف سرینگر سے کنٹرول لائن کی جانب ایک بڑے مارچ کی قیادت کر رہے تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments