انتونیو گوتریس کی تیل کمپنیز پر تنقید، ماحول آلودہ کرنیکا الزام

انتونیو گوتریس کی تیل کمپنیز پر تنقید، ماحول آلودہ کرنیکا الزام

تیل کمپنیز فضاکوکھلے گٹرکے طورپراستعمال کررہی ہیں:سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ 5سوارب ڈالرمنافع کمایا،موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے صرف 34 ارب دئیے

نیو یارک(اے ایف پی)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بڑی عالمی تیل کمپنیز پر ماحول کو آلودہ کرنے اور موسمیاتی بحران سے منافع کمانے کا الزام عائد کردیا۔ اقوام متحدہ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب میں گوتریس نے کہا کہ کئی دہائیوں سے بڑی تیل کمپنیاں فضا کو کھلے گٹر کے طور پر استعمال کررہی ہیں۔ یوکرین پر روسی حملے کے بعد 5 بڑی مغربی تیل کمپنیز نے تقریباً 500 ارب ڈالر منافع کمایاجبکہ ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے صرف 34 ارب ڈالر فراہم کیے گئے ۔ گوتریس نے کہا کہ سب سے زیادہ آلودگی پھیلانے اور منافع کمانے والوں کو نقصان کے ازالے کیلئے زیادہ کردار ادا کرنا ہوگا۔انتونیو گوتریس نے کہا کہ دنیا دو حصوں میں تقسیم ہورہی ہے ، ہمیں اس تقسیم سے بچنا چاہیے ، گزشتہ دہائی میں شروع ہونے والی جنگوں کے تباہ کن اثرات مرتب ہوئے اور جنگیں بے حسی کے ساتھ جاری رہیں۔ جنگوں کے دوران معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہوئیں اور بھوک کو بطور ہتھیار استعمال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مسئلہ طاقت کے زور پر حل نہیں کیا جاسکتا۔انتونیو گوتریس نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں حالات کشیدہ ہیں اور جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکا اور چین مصنوعی ذہانت کے معاملے میں جلد مذاکرات کا آغاز کریں۔ انتونیو گوتریس نے مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کی توسیع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تشدد، نقل مکانی اور بستیوں کی توسیع امن کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے ۔ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے افتتاحی خطاب میں گوتریس نے خبردار کیا کہ ان اقدامات سے جبری بے دخلی کا خطرہ بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو دو ریاستی حل کو اپنی آنکھوں کے سامنے ختم ہونے سے روکنا ہوگا۔ خطے میں تشدد اور جبری نقل مکانی کے خدشات کے پیش نظر بین الاقوامی برادری کو امن کے راستے کے تحفظ کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...