امریکی پابندیوں کا اثر،ایران سے بغداد، مسقط کیلئے پروازیں معطل
استنبول،باکو،نجف کیلئے پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں:ایران ایئر چین کی پابندیوں کی مخالفت، جارجیا نے ایران کیلئے فضائی حدود بندکردی
بیجنگ،تہران،نجف(اے ایف پی)امریکی پابندیوں کا اثر، ایران نے بغداد اور مسقط کیلئے فضائی پروازیں بدھ کی نصف شب سے معطل کرنے کا اعلان کردیا، دیگر بین الاقوامی پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔ ایرانی سول ایوی ایشن کے ترجمان نے بتایا کہ بغداد اور مسقط کے ہوائی اڈے ایرانی پروازیں وصول نہیں کریں گے ۔ بغداد جانے والی پروازوں کو نجف منتقل کرنے پر بات چیت کررہے ہیں، عمان کے ساتھ بھی مذاکرات جاری ہیں۔ عراقی حکام کے مطابق بغداد امریکی پابندیوں پر عمل کرے گا۔ امریکا نے رواں ماہ ایرانی ہوا بازی کے شعبے کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے ایران کی ایئرلائنز سے تعاون کرنے والے اداروں پر بھی پابندیوں کی دھمکی دی تھی۔ ایران کی قومی ایئرلائن ایران ایئر نے کہا ہے کہ ترکیہ، آذربائیجان یا عراق کی جانب سے پروازیں بند کرنے کی کوئی سرکاری ہدایت موصول نہیں ہوئی۔ استنبول، باکو اور نجف کیلئے پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں۔ ادھر جارجیا نے ایرانی طیاروں کیلئے اپنی فضائی حدود بند کردی ہیں ۔چین نے ایرانی ایئرلائنز پر امریکا کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندیوں کی مخالفت کردی۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے کہا کہ چین ایسی یکطرفہ پابندیوں کی ہمیشہ مخالفت کرتا ہے جن کی بنیاد بین الاقوامی قانون یا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظوری پر نہ ہو۔ ایرانی ایئرلائنز پر امریکی پابندی کے خدشے نے عراق کی ٹریول ایجنسیوں کیلئے شدید مشکلات پیدا کردی ہیں۔ ٹریول ایجنسیوں کے مطابق پروازوں کی بندش سے خاص طور پر بزرگ اور علاج کیلئے ایران جانے والے مریض متاثر ہوں گے ۔ بعض ایجنسیوں نے پروازوں کی بکنگ روک کر زمینی سفر کے انتظامات شروع کردئیے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments