پاکستان ، ترکیہ سعودی جنگ کا حصہ بننے سے گریز کریں:یمنی حوثی
سعودیہ یمن کیخلاف فوجی مہم کیلئے ترکیہ اور پاکستان کی حمایت کی کوشش کر رہا
صنعا(مانیٹرنگ ڈیسک)یمن کے حوثی گروہ کے رہنما عبدالملک الحوثی نے پاکستان اور ترکیہ پر زور دیا ہے کہ وہ حوثیوں کے خلاف سعودی عرب کی جنگ کا حصہ بننے سے گریز کریں۔ حوثیوں کے زیرِ انتظام ’’المسیرہ‘‘ٹی وی پر نشر ہونے والی ایک تقریر میں عبدالملک الحوثی نے یہ اپیل کی ہے ۔یاد رہے کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب نے مکہ دفاعی معاہدے کے نام سے ایک مشترکہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر مسلح حملہ تمام ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔اپنی تقریر میں عبدالملک الحوثی نے سعودی عرب پر الزام عائد کیا کہ وہ یمن کے خلاف اپنی فوجی مہم کیلئے ترکی اور پاکستان کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ ان کے بقول سعودی کارروائیاں یمنی عوام کے خلاف زیادتی اور جارحیت پر مبنی ہیں۔عبدالملک الحوثی نے سوال اٹھایا کہ آیا ترکیہ اور پاکستان کے عوام ایسی ہی معاشی پابندیوں یا سعودی حکومت کی جانب سے سیاسی مداخلت کو قبول کریں گے یا نہیں۔انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان سے حمایت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ شام سے جنگجوؤں کو بھی لا رہا ہے ۔ انہوں نے انقرہ و اسلام آباد پر زور دیا کہ وہ ریاض کی جانب سے پیش کیے جانے والے کسی بھی سیاسی یا مالی فائدے کو نظر انداز کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments