امریکی مڈٹرم الیکشن ٹرمپ کے آخری 2 برس پر اثر انداز ہونگے
ایوان نمائندگان کی تمام 435 نشستوں پر انتخاب ،اکثریت کیلئے 218 درکار شکست ہوئی تو ٹرمپ کو سیاسی مشکلات، تحقیقات ، مواخذے کا سامنا ہوسکتا انتخابی جائزوں کے مطابق ڈیموکریٹس کی کامیابی کے 75 فیصد امکانات ہیں ڈیموکریٹس کی فتح سے صدرٹرمپ کے اختیارات محدود ہوجائینگے :ماہرین
واشنگٹن(اے ایف پی)امریکا میں وسط مدتی انتخابات 3 نومبر کو ہوں گے ، جن میں صدر ٹرمپ خود امیدوار نہیں ہوں گے تاہم نتائج ان کی صدارت کے آخری 2 برس کی سیاست پر اثرانداز ہوں گے ۔ ایوان نمائندگان کی تمام 435 نشستوں پر انتخاب ہوگا، جہاں اکثریت کیلئے 218 نشستیں درکار ہیں۔ سینیٹ کی 100 میں سے 35 نشستوں پر بھی مقابلہ ہوگا، جبکہ 36 ریاستوں میں گورنرز کا انتخاب ہوگا۔ موجودہ ایوان میں ری پبلکنز کو معمولی برتری حاصل ہے جبکہ سینیٹ میں بھی انہیں 53 نشستیں حاصل ہیں۔ انتخابی مہم پر تقریباً 12 ارب ڈالر خرچ ہونے کی توقع ہے۔
امریکی وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کی کانگریس پر گرفت ختم ہونے کی صورت میں ٹرمپ کی آخری دو سالہ مدت انتہائی ہنگامہ خیز ہوسکتی ہے ۔ 3 نومبر کے انتخابات میں ایران جنگ اور بڑھتی مہنگائی پر عوامی ناراضی کے باعث ری پبلکنز کو شکست کا سامنا ہوا تو ٹرمپ کو سیاسی مشکلات، تحقیقات اور ممکنہ مواخذے کا سامنا ہوسکتا ہے ۔ ماہرین کے مطابق کانگریس میں ڈیموکریٹس کے غلبے سے صدر کے اختیارات محدود ہوجائیں گے۔ تاہم سیاسی دباؤ میں گھرے ٹرمپ اندرون ملک انتقامی اقدامات اور بیرون ملک نئی جنگوں سمیت بڑے فیصلے کرسکتے ہیں۔
امریکن یونیورسٹی کے پروفیسر ایلن لِچ مین نے کہا کہ ٹرمپ خاموشی سے رخصت ہونے کے بجائے جاتے جاتے بڑا سیاسی ہنگامہ برپا کرنے کی کوشش کریں گے ۔ادھر ڈیموکریٹس نے کانگریس کا کنٹرول حاصل کرنے کی امیدیں وابستہ کرلی ہیں۔ انتخابی جائزوں کے مطابق ڈیموکریٹس کو ایوان میں کامیابی کے 75 فیصد امکانات ہیں اور 234 نشستیں ملنے کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔ سینیٹ میں بھی ڈیموکریٹس کو معمولی برتری حاصل ہونے کا امکان ہے ۔ ایوان کا کنٹرول ملنے پر ڈیموکریٹس کو تحقیقات اور سمن جاری کرنے کے وسیع اختیارات حاصل ہوں گے اور وہ صدر ٹرمپ کی پالیسیوں میں رکاوٹ ڈال سکیں گے ۔ ڈیموکریٹ رہنما حکیم جیفریز نے ٹرمپ انتظامیہ کا احتساب، ٹیرف واپس لینے اور ایران جنگ ختم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments