روس میں طاعون کی دبا، ٹرمپ نے مدد کی پیشکش کردی

روس میں طاعون کی دبا، ٹرمپ نے مدد کی پیشکش کردی

لیبارٹری ٹیکنیشن کی موت کے بعد تشویش کی لہر، بعد از مرگ ٹیسٹوں میں طاعون کی تصدیق نہیں ہوئی:روسی حکام طاعون کے کیس پر گہری نظر، ہم ان کی مدد کیلئے تیار ، جتنی مدد ہم کر سکتے ہیں، کریں گے :ٹرمپ کی صحافیوں سے گفتگو

ماسکو، واشنگٹن (نیوز ایجنسیاں) روس میں طاعون کے مبینہ کیس کی اطلاعات سامنے آنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مدد کی پیشکش کردی۔ ٹرمپ نے کہا امریکا روس میں سامنے آنے والے طاعون کے مبینہ کیس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ماسکو کو صورتحال سے نمٹنے کیلئے مدد فراہم کرنے کو تیار ہے ۔صحافیوں نے روس سے پھیلنے والے نمونیائی طاعون کے خطرے کے پیش نظر واشنگٹن کے ممکنہ اقدامات کے بارے  میں سوال کیا تو ٹرمپ نے کہا ہمیں ابھی اس بارے میں معلوم ہوا ہے ، ہم صورتحال پر بہت گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا ہم ان کی مدد کریں گے ، جتنی مدد کرسکتے ہیں کریں گے ۔دوسری جانب روس نے طاعون سے لیبارٹری ٹیکنیشن کی ہلاکت کی اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعد از مرگ کیے گئے طبی ٹیسٹوں میں طاعون کی تصدیق نہیں ہوئی۔ جمعہ کو اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ 28 سالہ لیبارٹری ٹیکنیشن دریا شیپیلووا نمونیائی طاعون کے باعث ہلاک ہوئی ہیں۔ وہ سائبیریا کے علاقے ارکتسک میں قائم انسداد طاعون کے ادارے میں کام کرتی تھیں۔روسی حکام نے کہا کہ طاعون کی تشخیص کی تصدیق نہیں ہوئی۔ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے صحافیوں سے کہا کہ افواہوں اور قیاس آرائیوں کے بجائے روسی وفاقی ادارے روسپوتریب نادزور کے سرکاری بیانات پر انحصار کیا جائے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...