آبنائے ہرمز: 2جہازوں پر حملے ، ایک سمندر میں ڈوب گیا

آبنائے ہرمز: 2جہازوں پر حملے ، ایک سمندر میں ڈوب گیا

جہاز پر ڈھائی ہزار سے زائد کنٹینرز لدے ہوئے تھے ،تمام عملہ محفوظ پاسداران کا انتہائی جدید ہتھیار حاصل کرنیکا دعویٰ،اسرائیلی جاسوس کو پھانسی

دبئی،تہران (اے ایف پی)سنگاپور کے پرچم بردار دو مال بردار بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے نامعلوم سمت سے آنے والے پروجیکٹائلز سے نشانہ بنایا  گیا۔جہاز ‘جی ایف ایس پرائیڈ’ سے پروجیکٹائل ٹکرانے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی اور جہاز ڈوب گیا،جہاز پر ڈھائی ہزار سے زائد کنٹینرز لدے ہوئے تھے ۔سنگاپور کا کہنا ہے کہ جہاز پر سوار عملے کے تمام 21 ارکان کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے ،اس سے قبل ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے بھی کہا تھا کہ آبنائے ہرمز میں ایک خلاف ورزی کرنے والا کنٹینر بردار جہاز بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا جس کے بعد جہاز میں آگ بھڑک اُٹھی اور بعد ازاں وہ ڈوب گیا۔سنگاپور کے مطابق، دوسرا جہاز ‘جے ایف ایس جیزیل’ بھی نشانہ بننے سے متاثر ہوا اور اس کے بیرونی ڈھانچے کو نقصان پہنچا، تاہم وہ اپنے انجن کی مدد سے بحفاظت ایک محفوظ لنگرگاہ تک پہنچنے میں کامیاب رہا۔اس جہاز پر سوار عملے کے تمام 22 ارکان محفوظ ہیں ۔سنگاپور کی میری ٹائم اینڈ پورٹ اتھارٹی نے بتایا کہ دونوں جہازوں پر سنگاپور کا کوئی شہری سوار نہیں تھا۔سنگاپور نے ان کارروائیوں کو بلااشتعال اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے ۔ ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان بلوچستان میں مسلح افراد کے دو الگ الگ حملوں میں سکیورٹی فورسز کے دو اہلکار ہلاک ہو گئے ۔

ضلع مہرستان میں پولیس کی گاڑی پر مسلح حملے کے دوران ایک پولیس اہلکار مارا گیا، جبکہ اسی علاقے میں پاسداران انقلاب سے وابستہ نیم فوجی فورس بسیج کی ایک خاتون کمانڈر بھی ہلاک ہوئیں۔ پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ ایران نے حالیہ جنگ کے بعد امریکا اور اسرائیل کے خلاف اپنی عسکری صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہوئے انتہائی جدید ہتھیار حاصل کر لیے ہیں۔پاسدارانِ کے ترجمان حسین موہبی کا کہنا ہے کہ 40 روزہ جنگ کے دوران ایران نے زیادہ تر اپنے پرانی نسل کے ہتھیار استعمال کیے لیکن اس کے بعد سے اس نے کہیں زیادہ جدید ہتھیار حاصل کر لیے ہیں۔ ایران نے اسرائیل کیلئے جاسوسی اور دہشتگرد حملوں کے الزام میں مجرم قرار دئیے گئے شہری علی سینا مصطفوی کو پھانسی دے دی۔ ایرانی عدلیہ کے مطابق ملزم پر جنوب مشرقی شہر کرمان میں مسلح حملوں کے ذریعے شہریوں کو زخمی کرنے اور اسرائیل سے منسلک ذرائع ابلاغ سے رابطے رکھنے کا الزام تھا۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...